افغانستان کے خلاف پاکستان کا ’آپریشن غضب الحق‘ درجنوں افغان اہلکار ہلاک

  • جمعرات 26 / فروری / 2026

پاک افغان سرحد پر افغان طالبان رجیم کی بلااشتعال کارروائیوں کے خلاف پاکستان نے ’آپریشن غضب للحق‘ شروع کردیا ہے۔ افغان طالبان رجیم کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اب تک 44 طالبان کے ہلاک ہونے کی مصدقہ اطلاعات ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی سے افغان طالبان کے ٹھکانے تباہ اور خوارج بھاگ کھڑے ہوئے۔ ذرائع نے بتایا کہ چترال سیکٹر پر افغان طالبان کی چیک پوسٹ کو پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے نشانہ بنا کر تباہ کردیا۔ افغان طالبان نے پاک افغان سرحد کے مختلف مقامات پر فائرنگ کی۔

پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے جواب میں ناوگئی سیکٹر باجوڑ، تیراہ خیبر میں بھرپور جواب دیا۔ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے ضلع مہمند اور ارندو سیکٹر چترال میں بھی بھرپور جواب دیا۔ فورسز نے باجوڑ میں افغان طالبان کی 2 چوکیاں تباہ کر دیں۔ پاک افغان سرحد پر مہمند میں گرسال سیکٹر میں پاک فوج کی بھرپور جوابی کاروائی جاری ہے۔ گرسال سیکٹر میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے افغان طالبان کی چیک پوسٹیں تباہ کردیں۔ 

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مصدقہ اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے افغان طالبان کی تعداد  درجنوں میں ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کسی بھی قسم کی جارحیت کے خلاف سخت اور فوری جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ افغان طالبان کی کواڈ کاپٹر کے ذریعے پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے تمام کواڈ کاپٹرز گرا دیے گئے۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کے ذریعے گولہ باری جاری ہے۔ ڈرونز کے ذریعے بھی چن چن کر افغان طالبان رجیم کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ افغان طالبان کے میڈیا اور سوشل میڈیا پر جھوٹے دعوے اور فیک ویڈیوز کی بھرمار ہے۔ واضح رہے پاکستان نے یہ کارروائی افغانستان کی طرف سے حملوں کے بعد شروع کی ہے۔