امریکی صدر کا ایران کے ساتھ مذاکرات کا عندیہ، ایران بدلہ لینے پر مصر

  • اتوار 01 / مارچ / 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی نئی قیادت سے بات چیت پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔ امریکی جریدے دی اٹلانٹک کو دیے گئے تازہ انٹرویو میں کہا کہ انہوں نے کہا کہ ایران کے نئے رہنما بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نئے ایرانی رہنما سے بات چیت کرنے پر راضی ہوں۔ اس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ردعمل کو توقع سے کم قرار دیا اور کہا کہ ہم نے سوچا تھا یہ دوگنا ہوگا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ایران پر حملے کے بعد سفارت کاری کہیں زیادہ آسان ہوگئی ہے، امریکا اب ایران کے ساتھ سفارتی حل تک پہنچنے کے لیے بہتر پوزیشن میں ہے۔

اس دوران مریکی فوج نے تسلیم کیا ہے کہ ایران پر حملوں کے دوران 3 اہلکار ہلاک اور دیگر 5 شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ امریکی فوج نے بیان میں کہا کہ ایران پر حملوں کے دوران امریکی فوج کے 3 اہلکاروں کی ہلاکت اور 5 شدید زخمیوں کے علاوہ متعدد اہلکار معمولی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ سینٹرل کمانڈ نے بتایا کہ دیگر کئی فوجی اہلکاروں کو معمولی زخم آئے ہیں اور نقصان پہنچا ہے جنہیں واپس بھیجا جا رہا ہے جبکہ آپریشن جاری ہے اور ہماری کارروائیاں ابھی ختم نہیں ہوئی ہیں۔

دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں امریکی فوج پر حملوں اور بھاری نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا ہے۔ امریکی فوج نے ایک اور بیان میں کہا کہ اس نے ایران کا ایک جنگی جہاز تباہ کردیا ہے اور ایرانی فوج سے ہتھیار ڈالنے کا بھی مطالبہ کیا۔

ایران پر حملوں کی نگرانی کرنے والے امریکی سینٹرل کمانڈ نے بیان میں کہا کہ چاہ بہار پر خلیج عمان میں ایرانی جنگی جہاز کو ڈبودیا ہے۔

 دریں اثنا ایرانی میڈیا نے تصدیق کردی تھی کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای شہید ہوگئے ہی۔ ایران کے سرکاری میڈیا نے آیت اللّٰہ کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران بھر میں 7 روزہ تعطیل اور چالیس روز کے سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے ان حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر کی بیٹی، داماد اور نواسی بھی شہید ہوئے ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی کو ان کے دفتر میں شہید کیا گیا۔ وہ اپنے تفویض کردہ فرائض سرانجام دے رہے تھے اور شہادت کے وقت اپنے دفتر میں تھے۔

ادھر ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے مشرقِ وسطیٰ میں 27 امریکی فوجی اڈوں پر نیا حملہ کیا۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق اسلامی انقلابی گارڈ کور نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر بمباری کے جواب میں جوابی کارروائیوں کا چھٹا مرحلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ ایران نے اسرائیل اور خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر وسیع پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔

ایران میں رہبر اعلیٰ  کے مارے جانے کے بعد علی رضا اعرافی کو ایرانی سپریم لیڈر کے فرائض انجام دینے والی عبوری کونسل کا رکن مقرر کر دیا گیا۔ آیت اللّٰہ علی رضا اعرافی کو قیادت کونسل کے فقیہ مقرر کر دیا گیا ہے۔  قیادت کونسل عارضی طور پر سپریم لیڈر کے فرائض انجام دے گی۔ تین رکنی کونسل میں ایرانی صدر پزشکیان اور ایرانی چیف جسٹس بھی شامل ہیں۔

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر سوگوار ہجوم تہران کے انقلاب چوک میں جمع ہونا شروع ہوگیا ہے۔ ایرانی شہری ملک کا قومی پرچم تھامے انقلاب چوک میں جمع ہورہے ہیں، جہاں سپریم لیڈر آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کا غم منایا جارہا ہے۔ ایرانی فوج نے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کو شہید کیے جانے کا بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ روسی میڈیا کے مطابق ایرانی فوج نے واضح کیا ہے کہ جارح کو سخت سزا دی جائے گی۔ وہ دیکھ لیں گے کہ انہوں نے کیا کیا ہے۔

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد ایرانی حکومت نے اپنے بیان میں کہا کہ اللّٰہ کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے۔’ظلم کرنے والوں کو پتہ چل جائے گا کہ انقلابی کون ہیں‘

اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ ایران کے آیت اللّٰہ خامنہ ای کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ ایرانی عوام کے لیے اپنا ملک واپس لینے کا واحد سب سے بڑا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ خامنہ ای کی موت ناصرف ایرانی عوام بلکہ دنیا کے لیے انصاف ہے، اہداف کے حصول تک ایران پر شدید بمباری جاری رہے گی۔

ایران کی سکیورٹی فورس پاسداران انقلاب (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے میزائل حملے میں امریکہ اور برطانیہ کے تین آئل ٹینکرز کو نشانہ بنایا ہے جن میں آگ لگ چکی ہے۔ بی بی سی فارسی کے مطابق تین آئل ٹینکرز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ سرکاری خبر رساں ادارے ’ارنا‘ نے کیا ہے۔ امریکہ اور برطانیہ کی جانب سے تاحال ان رپورٹس کی تصدیق نہیں کی۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ سامنے آیا تھا کہ امریکہ نے نو ایرانی بحری جہازوں کو ’تباہ اور غرق‘ کر دیا ہے۔ ٹرتھ سوشل پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے ابھی آگاہ کیا گیا ہے کہ ہم نو ایرانی بحری جہازوں کو تباہ اور غرق کر چکے ہیں، ان میں کچھ بڑے اور اہم تھے۔

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ وہ اب باقی بحری جہازوں کو نشانہ بنائیں گے اور ’جلد ہی وہ سمندر کی تہہ میں تیرتی ہوئی نظر آئیں گی۔‘ ان کا مزید کہتا تھا کہ امریکہ ایران بحری ہیڈکوارٹر بھی تباہ کر چکا ہے۔