امریکا سے مذاکرات نہیں ہوں گے: ایران

  • سوموار 02 / مارچ / 2026

ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران واشنگٹن سے کوئی بات چیت نہیں کرے گا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں علی لاریجانی نے کہا کہ ’ہم امریکا کے ساتھ مذاکرات نہیں کریں گے‘۔ ان کا بیان امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی اس رپورٹ کے بعد سامنے آیا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ خامنہ ای کی ہلاکت کے بعد لاریجانی نے عمانی ثالثوں کے ذریعے امریکا سے جوہری مذاکرات بحال کرنے کی کوشش کی ہے۔

اس  دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ ایران کے نئے لیڈر مذاکرات کرنا چاہتے ہیں۔ میں بھی تیار ہوں۔ لیکن انہوں نے یہ فیصلہ کرتے ہوئیے بہت دیر کردی۔

امریکا اور اسرائیل کے ایران پر جارحانہ حملے کے بعد سے خطے میں صورت حال کشیدہ ہے۔ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کی نہ صرف سیاسی و عسکری قیادت کو نشانہ بنایا جا رہا ہے بلکہ شہری مقامات پر بھی بم برسائے جا رہے ہیں جبکہ ایران کی طرف خلیجی ممالک میں امریکی فوجی اڈوں اور اسرائیل پر میزائلوں کی بارش کی جا رہی ہے۔ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ میں برطانیہ بھی مل گیا ہے اور امریکہ کو اپنے اڈے استعمال کرنے کی اجازت دی ہے۔

  دوسری طرف حزب اللہ کی طرف سے میزائل داغنے کے بعد  اسرائیل نے لبنان پر بھی حملے شروع کر دیئے ہیں۔

واشنگٹن میں سعودی سفارتخانے کے ترجمان فہد ناظر نے اخبار واشنگٹن پوسٹ کی اس خبر کی تردید کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سعودی عرب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے پر اُکسایا تھا۔