مجتبیٰ خامنی ای ایران کے نئے رہبر اعلیٰ بن گئے

  • سوموار 09 / مارچ / 2026

ایران کے نئے رہبر اعلیٰ کے نام کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کے نئے سپریم لیڈر کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔

ایران میں سرکاری خبر رساں ایجنسیوں نے مجتبیٰ خامنہ ای کو اسلامی جمہوریہ کے رہنما اور اپنے والد کے جانشین کے طور پر منتخب کرنے کا اعلان کیا۔ علی خامنہ ای کے قتل کے دن سے ہی ان کے انتخاب کے بارے میں قیاس آرائیاں عروج پر تھیں لیکن اس کا باضابطہ اعلان اب کیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ ایران کی اعلیٰ ترین مذہبی و سیاسی اتھارٹی کے انتخابی عمل کے بعد سامنے آیا ہے جو ملک کی پالیسی اور آئندہ سمت کے تعین میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔

علی خامنه ای کے بیٹے مجتبیٰ خامہ ای مشہد میں پیدا ہوئے اور اپنے والد کی طرح ایک عالم ہیں۔ مجتبیٰ خامنہ ای اپنے والد کے قدامت پسند حلقوں میں کافی طاقتور سمجھتے جاتے ہیں۔ وہ 2009 میں متنازع صدارتی انتخاب اور اس سے قبل مظاہروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران متحرک نظر آئے تھے۔ انہوں نے مظاہرین کے خلاف اقدامات میں نمایاں کردار ادا کیا تھا۔

ایران کے نو منتخب رہبر اعلیٰ کے نام کے اعلان سے متعلق مجلسِ رہبری کا بیان سرکاری ٹی وی پر اینکر کی جانب سے پڑھ کر سنایا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ ’شدید جنگی حالات اور اس عوامی ادارے کے خلاف دشمنوں کی براہِ راست دھمکیوں کے باوجود اور اس کے باوجود کہ سیکریٹریٹ کے دفاتر پر بمباری کے نتیجے میں عملے اور سکیورٹی ٹیم کے کئی ارکان شہید ہوئے۔ لیکن اسلامی نظام کی قیادت کے انتخاب اور تعارف کے عمل میں ایک لمحے کی تاخیر بھی نہیں ہوئی‘۔

بیان پڑھنے کے بعد ٹی وی اینکر نے نعرہ لگایا کہ ’اللہ اکبر، اللہ اکبر، خامنہ ای رہبر ہیں۔‘

ایران کے آئین میں رہبر اعلیٰ کا عہدہ  1979 کے اسلامی انقلاب کے بعد آیت اللہ خمینی کی قیادت میں تخلیق کیا گیا تھا۔ ملک میں 88 علما کا ایک ادارہ ہے جسے ’مجلسِ رہبری‘ کہا جاتا ہے اور رہبر اعلیٰ کا انتخاب یہی ادارہ کرتا ہے۔ ہر آٹھ سال بعد ایران کے لاکھوں شہری اس ادارے کے اراکین کو منتخب کرتے ہیں۔ آخری بار یہ انتخاب 2016 میں ہوا تھا۔

روسی صدر ولادیمیر پوتن نے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا نیا رہبر اعلیٰ بننے پر مبارکباد دی ہے اور تہران کے لیے ماسکو کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

پوتن نے کریملن کی ویب سائٹ پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ ایران کے سپریم لیڈر کے طور پر آپ کی تقرری پر میری دلی مبارکباد قبول کیجیے۔ روس ایران کے ساتھ اپنی حمایت اور یکجہتی کو دہراتا ہے اور ایک قابلِ اعتماد شراکت دار رہے گا۔