مشکل وقت میں ایرانی قیادت و عوام کے ساتھ کھڑے ہیں: وزیراعظم کا مجتبیٰ خامنہ ای کو خط

  • منگل 10 / مارچ / 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے رہبر معظم مجتبیٰ خامنہ ای کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی ہے اور ان کے والد کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

نئے ایرانی لیڈر کے نام ایک خط میں وزیر اعظم نے لکھا ہے کہ ہم اس مشکل وقت میں ایران کی قیادت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے خط میں آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے اور انہیں سپریم لیڈر کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد بھی دی گئی ہے۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں ایران کے برادر عوام اور وسیع تر امت مسلمہ کے لیے پاکستانی عوام کی طرف سے تعزیت اور دعاؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کی وجہ سے پاکستانی عوام شدید دکھ میں ہے اور اس مشکل وقت میں ایران کی قیادت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیر اعظم نے اس اہم ذمہ داری کو سنبھالنے پر ایران کے رہبر معظم مجتبیٰ خامنہ ای کو مبارک باد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت آنے والے برسوں میں امن، استحکام، وقار اور خوش حالی کی طرف ایران کی رہنمائی کرے گی۔ انہوں نےکہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ، ثقافت اور زبان پر مبنی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ دونوں برادر ممالک کے مفاد کے لیے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

خط میں وزیراعظم نے ایران کے رہبر معظم مجتبیٰ خامنہ ای کی صحت، کامیابی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے برادر عوام کے لیے امن، استحکام اور خوش حالی کے لیے بھی دعا کی ہے۔