وزیرِاعظم شہباز شریف سرکاری دورہ پر سعودی عرب پر روانہ ہوگئے
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے ولی عہد و وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب پر روانہ ہوئے ہیں۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے جس میں خطے میں جاری کشیدگی، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال ہوگا۔
پاکستانی دفترِ خارجہ کی جانب سے وزیر اعظم پاکستان کے دورے کے حوالے سے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اس دورے میں وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار بھی روانہ ہوئے ہیں۔ دفترِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران پر ایک ایسے وقت میں حملہ کیا گیا کہ جب مذاکرات جاری تھے۔ ہم گلف ممالک پر حملوں کی بھی مذمت کرتے ہیں کیونکہ یہ حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’پاکستان اس تمام تر صورتحال میں تین باتوں پر زور دیتا ہے۔ پہلی یہ کہ ’تمام ممالک کی خودمختاری کا خیال رکھا جائے۔‘ دوسری یہ کہ ’عالمی قوانین کی خلاف ورزی نہ کی جائے‘ اور تیسری اور اہم بات یہ کہ ’تمام فریقین بات چیت اور سفارتکاری سے کام لیں۔‘