پاکستان میں سیاسی و انتظامی بحران اور عوامی ردِعمل
- تحریر محمد طارق
- اتوار 22 / مارچ / 2026
پاکستان کو اپنی سیاسی تاریخ کے مختلف مراحل میں مسلسل سیاسی اور انتظامی بحرانوں کا سامنا رہا ہے۔ اس مضمون میں بحرانوں کی بنیادی وجوہات کا تجزیہ کرکے، عوامی ردِعمل کی نوعیت کو سمجھنے کی کوشش کریں گے۔
مشاہدہ ظاہر کرتا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے اندر جمہوری اقدار کا فقدان، قیادت کا شخصی و آمرانہ طرزِ حکمرانی، اور فیصلہ سازی کے عمل میں محدود شمولیت، ان بحرانوں کے اہم محرکات ہیں۔ مزید برآں، عوامی سطح پر محدود ردِعمل کی وجوہات میں عوامی مفاد سے کمزور تعلق، مؤثر عوامی پالیسیوں کا فقدان، اور عوام کی فیصلہ سازی میں عدم شمولیت شامل ہیں۔ پاکستان میں سیاسی عدم استحکام ایک مستقل مسئلہ رہا ہے، جس نے ریاستی اداروں کی کارکردگی اور انتظامی ڈھانچے کو متاثر کیا ہے۔
اگرچہ اس عدم استحکام کے متعدد اسباب ہیں۔ تاہم سیاسی جماعتوں کی داخلی ساخت اور قیادت کا طرزِ عمل اس ضمن میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں۔ پاکستان کی بیشتر سیاسی جماعتیں خاندانی یا شخصی قیادت کے زیرِ اثر کام کرتی ہیں، جہاں فیصلہ سازی کا عمل جمہوری اصولوں کے بجائے فردِ واحد یا محدود اشرافیہ کے ہاتھ میں ہوتا ہے۔ اس کے نتیجے میں نہ صرف جماعتوں کے اندر اختلافِ رائے کو دبایا دیا جاتا ہے، جس سے پارٹیوں کے اندر پالیسی سازی کا عمل غیر شفاف ہو جاتا ہے۔ علمی اعتبار سے دیکھا جائے تو یہ طرزِ عمل پارٹیوں میں جمہوریت کے اصولوں کی نفی کرتا ہے، جو ایک مؤثر جمہوری نظام کے لیے ناگزیر تصور کیے جاتے ہیں۔
جب سیاسی جماعتوں کے اندر فیصلہ سازی محدود ہو جائے تو اس کے اثرات ریاستی اداروں تک منتقل ہوتے ہیں۔ پارلیمنٹ، کابینہ اور بیوروکریسی جیسے ادارے اپنی مؤثر حیثیت کھو دیتے ہیں اور محض توثیقی کردار تک محدود ہو جاتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں پالیسیوں میں تسلسل برقرار نہیں رہتا اور انتظامی نظام عدم استحکام کا شکار ہو جاتا ہے جو بالآخر گورننس کے بحران کو جنم دیتا ہے۔
پاکستان کی تاریخ میں کئی ایسے واقعات ملتے ہیں جو انفرادی فیصلوں کے منفی اثرات کو واضح کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر ذوالفقار علی بھٹو کا قومی اسمبلی کے ڈھاکہ اجلاس میں شرکت نہ کرنا ایک اہم سیاسی موڑ ثابت ہوا، جس نے مشرقی پاکستان میں علیحدگی کے رجحانات کو تقویت دی۔ اسی طرح، نواز شریف کے دورِ حکومت میں بعض اہم فیصلے محدود مشاورت کے تحت کیے گئے، جس سے ادارہ جاتی کشیدگی میں اضافہ ہوا اور بالآخر فوجی مداخلت کی راہ ہموار ہوئی۔ مزید برآں، عمران خان کے دور کے بعد اجتماعی استعفوں کا فیصلہ بھی سیاسی حکمتِ عملی کے لحاظ سے محدود مشاورت کی ایک مثال ہے، جس نے پارلیمانی اپوزیشن کے کردار کو کمزور کیا۔
ایک اہم سوال یہ ہے کہ سیاسی بحرانوں کے دوران عوامی ردِعمل اکثر محدود کیوں رہتا ہے۔ اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ اکثر سیاسی تنازعات ذاتی نوعیت کے ہوتے ہیں، جن کا براہِ راست تعلق عوامی مفاد سے نہیں ہوتا۔ چنانچہ عوام ان تنازعات کو اپنی روزمرہ زندگی سے غیر متعلق سمجھتے ہیں۔ مزید برآں، عوامی فلاح و بہبود کے ایسے نمایاں اقدامات کا فقدان بھی ایک اہم عنصر ہے جو عوام کو متحرک کر سکے۔ سیاسی نظریات کے مطابق، عوام اسی وقت بھرپور ردِعمل دیتے ہیں جب انہیں اپنی معاشی یا سماجی حالت میں واضح بہتری نظر آئے۔ اس کے علاوہ، فیصلہ سازی کے عمل میں عوام کی عدم شمولیت بھی ان کی سیاسی بے حسی کا باعث بنتی ہے، کیونکہ وہ خود کو نظام کا حصہ محسوس نہیں کرتے۔
اوپر دیئے گئے دلائل سے یہ واضح ہوتا ہے کہ پاکستان کے سیاسی بحران محض وقتی یا شخصی نوعیت کے نہیں بلکہ ساختی نوعیت کے ہیں۔ جب تک سیاسی جماعتوں کے اندر جمہوری کلچر کو فروغ نہیں دیا جائے گا اور فیصلہ سازی کے عمل کو شفاف اور جامع نہیں بنایا جائے گا، اس وقت تک سیاسی استحکام کا حصول ممکن نہیں۔ اسی طرح، عوامی شمولیت کو بڑھانا اور انہیں پالیسی سازی میں شامل کرنا ایک پائیدار جمہوری نظام کے لیے ناگزیر ہے۔
پاکستان میں سیاسی و انتظامی بحرانوں کی بنیادی وجوہات میں آمرانہ قیادت، جمہوری اقدار کا فقدان، اور محدود فیصلہ سازی شامل ہیں۔ عوامی ردِعمل کی کمزوری بھی انہی عوامل سے جڑی ہوئی ہے۔ لہٰذا، سیاسی استحکام کے لیے ضروری ہے کہ جماعتوں کے اندر جمہوریت کو فروغ دیا جائے، اداروں کو مضبوط کیا جائے، اور عوام کو فیصلہ سازی کے عمل میں حقیقی شراکت دار بنایا جائے۔