جنگ کے دوران ایران میں ہلاکتوں کی تعداد 1900 ہوگئی

  • جمعہ 27 / مارچ / 2026

بین الاقوامی فیڈریشن برائے ریڈ کراس اور ہلال احمر نے کہا ہے کہ ایرانی ہلال احمر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کی بنیاد پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے آغاز سے اب تک ایران میں 1,900 سے زائد افراد جاں بحق اور کم از کم 20000 زخمی ہو چکے ہیں۔

بی بی سی عربی کے مطابق ماریا مارٹینز کا کہنا ہے کہ ایرانی ہلال احمر قومی سطح پر کام کرنے والی واحد امدادی تنظیم ہے جو بڑھتے ہوئے تنازعات کے درمیان ملک بھر میں کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ م

قامی میڈیا کے مطابق ایران کے شہر قم پر ہونے والے حملے میں اٹھارہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پاسدارانِ انقلاب سے وابستہ فارس نیوز ایجنسی اور تسنیم کے مطابق یہ حملہ آج صبح شہر کے پاردیسن علاقے میں ہوا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کے روز کابینہ کے اجلاس کے دوران دعویٰ کیا کہ ایران نے خیر سگالی کی علامت کے طور پر آبنائے ہرمز سے 10 آئل ٹینکرز کو گزرنے کی اجازت دی تھی۔ ایران نے آبنائے ہرمز سے ان 10 ٹینکرز کو گزرنے کی اجازت بطور ’تحفہ‘ یہ ظاہر کرنے کے لیے دی کہ وہ مذاکرات کے لیے سنجیدہ ہے۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ’تیل سے بھرے آٹھ تیل کے ٹیکرز (آبنائے ہرمز سے) گزرے۔‘ میرے خیال میں یہ (آئل ٹینکرز) پاکستانی جھنڈا بردار تھے۔ میں نے کہا ہم ٹھیک لوگوں سے بات کر رہے ہیں۔

اس کے بعد امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران نے ماضی میں کہی گئی کسی بات پر معذرت بھی کی اور کہا ’ہم دو مزید جہاز (آئل ٹینکر) بھیج رہے ہیں اور پھر ان جہازوں کی تعداد 10 ہو گئی۔‘

بی بی سی ویریفائی نے عوامی طور پر دستیاب جہازوں کی آمد و رفت کے ڈیٹا کے ذریعے یہ معلوم کرنے کی کوشش کی کہ 23 ​​اور 25 مارچ کے درمیان کن جہازوں نے اپنے لوکیشن ٹرانسمیٹر کے ساتھ آبنائے کو عبور کیا۔ صدر ٹرمپ کے مطابق انہی دنوں میں جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے ہیں۔

اس عرصے کے دوران آبنائے سے تیل لے جانے والے پانچ جہازوں کی نشاندہی ہوئی ہے تاہم ان میں سے کسی پر بھی پاکستان کا جھنڈا نہیں تھا۔ ان کے علاوہ جن پانچ دیگر جہازوں نے آبنائے ہرمز پار کی ان میں سے کوئی بھی تیل لے جانے والے ٹینکر کے طور پر درج نہیں تھا۔ جہازوں کی آمدورفت پر رکھنے والوں کو ان جہازوں کے متعلق معلوم نہیں ہو سکتا جو آبنائے سے گزرتے ہوئے اپنا جی پی ایس سگنل عوامی طور پر نشر کرنا بند کر دیں۔

دریں اثنا ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے خطے کے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایسے علاقوں سے نکل جائیں جہاں امریکی افواج تعینات ہیں۔ پاسداران انقلاب سے وابستہ فارس نیوز ایجنسی کی طرف سے شائع کردہ ایک بیان میں پاسداران انقلاب نے الزام لگایا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل شہری مقامات اور معصوم لوگوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔

بیان میں امریکہ پر ایرانی شہریوں اور اہلکاروں کو قتل کرنے کا الزام بھی لگایا گیا ہے۔