ایرانی فوج امریکیوں کا انتظار کررہی ہیں: باقر قالبیباف

  • اتوار 29 / مارچ / 2026

ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ دشمن عوامی سطح پر مذاکرات کے اشارے دیتا ہے جبکہ خفیہ طریقے سے زمینی حملے کی منصوبہ بندی کر ر ہا ہے۔

ایرانی میڈیا اداروں کے مطابق قالیباف کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ 15 نکاتی فہرست کے ذریعے وہ چیزیں حاصل کرنا چاہتا ہے جو وہ جنگ کے ذریعے نہیں حاصل کر سکا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی مسلح افواج ’امریکی فوجیوں کے ملک میں داخل ہونے کا انتظار کر رہی ہیں تاکہ ان پر آگ برسا سکیں۔‘

ایران کے پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ آج اس کی جانب سے اسرائیل پر تازہ حملے کیے گئے ہیں۔

ادھرایرانی میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کا کہنا تھا کہ خطے میں امریکی اور اسرائیلی اہداف کو لبنان میں اسرائیلی حملے میں ہلاک ہونے والے صحافیوں کی یاد میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ آج صبح اسرائیلی فوج کی جانب سے کہا گیا تھا کہ اس کا فضائی دفاعی نظام ایران کی طرف سے فائر کیے گئے میزائلوں کو روک رہا ہے۔

متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل ہونے کی ہدایات دی گئیں تھیں۔

دوسری طرف ایک تصدیق شدہ ویڈیو میں شمال مشرقی تہران میں واقع ایک عمارت کو پہنچنے والے نقصان کو دیکھا جاسکتا ہے جہاں قطری ٹی وی نیٹ ورک العربی کا دفتر واقع ہے۔ ہراوی چوک کے قریب وفامنش سٹریٹ سے بنائی گئی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس عمارت کی کھڑکیاں ٹوٹی ہوئی ہیں جبکہ ملبہ اور گرد و غبار پورے علاقے میں پھیلا ہوا ہے۔ عمارت پر موجود تحریروں سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہاں ایک بیوٹی سیلون، ایک کیفے اور ایک دفتر بھی واقع ہیں۔

ایک اور ویڈیو، جو العربی کے نمائندے حازم کلاس نے بنائی ہے، میں عمارت کے اندر ہونے والے نقصان کو دیکھا جا سکتا ہے۔ حازم کلاس نے عمارت کے باہر بھی ویڈیو بنائی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایرانی شہری ٹوٹی پھوٹی گاڑیوں کے قریب جمع ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ ساتھ والی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

دریں اثنا متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے اتوار ایران کی طرف سے فائر کیے گئے 16 بیلسٹک میزائلوں اور 42 ڈرونز کو روکا ہے۔