امریکی افواج کو خطے سے نکالنے کا وقت آ گیا: ایرانی وزیر خارجہ
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب کو اپنا برادر ملک سمجھتے ہیں اور ان کا احترام کرتے ہیں۔ ایکس پر ایک پیغام میں انہوں نے لکھا کہ ہماری کارروائیاں ان دشمن قوتوں کے خلاف ہیں جو نہ عربوں کا احترام کرتی ہیں اور نہ ایرانیوں کا، اور نہ ہی کسی کو سکیورٹی فراہم کر سکتی ہیں۔
عباس عراقچی نے ایک تباہ شدہ امریکی طیارے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ آپ خود دیکھ لیں کہ ہم نے ان کے فضائی کمانڈ کے ساتھ کیا کیا، اب وقت آ گیا ہے کہ امریکی افواج کو خطے سے نکال دیا جائے۔
اس دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ جنگ کے خاتمے کا کوئی بھی فیصلہ ہماری شرائط پر ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جنگ تمام حالات کو مد نظر رکھ کر ختم کی جائے گی۔ ملکی حفاظت اور سلامتی کیلئے مسلح افواج کا کردار تاریخی ہے۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ کرنے کا عزم کیا۔
واضح رہے کہ ایران نے ٹرمپ کے مذاکرات کے دعوؤں کی تردید کی ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا امریکا سے کوئی براہ راست مذاکرات نہیں ہو رہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت میں سفارتی کوششیں ہو رہی ہیں۔ امریکا سے صرف ثالثوں کے ذریعے پیغام رسانی ہوتی ہے۔