بنوں تھانے پر حملے میں پانچ افراد جاں بحق

  • جمعہ 03 / اپریل / 2026

بنوں میں مسلح افراد کے پولیس تھانے پر حملہ میں پانچ افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوئے ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق نا معلوم افراد نے بارود سے بھری گاڑی پولیس تھانہ ڈومیل کی دیوار سے ٹکرا دی جس سے زور دار دھماکہ ہوا۔

دھماکے کے نتیجے میں تھانے کے باہر چیک پوسٹ اور پولیس سٹیشن کا ایک بڑا حصہ تباہ ہوا۔ بنوں پولیس کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ’تھانہ ڈومیل کی حدود میں پولیس سٹیشن کے قریب دہشتگردوں کی جانب سے خودکش حملے کی بزدلانہ کوشش کی گئی، جسے بروقت سکیورٹی اقدامات کی وجہ سے ناکام بنا دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق خودکش حملہ آور تھانہ ڈومیل کو نشانہ بنانا چاہتا تھا، تاہم اپنے مذموم عزائم میں ناکامی پر اس نے تھانے کے باہر قریبی سول آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں پانچ معصوم شہری ہلاک ہوئے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں تین خواتین، ایک مرد اور ایک بچہ شامل ہیں، جبکہ 13 افراد شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعے کے فوراً بعد پولیس، بم ڈسپوزل یونٹ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

بنوں میں محکمہ صحت کے ترجمان محمد نعمان خان نے بی بی سی کو بتایا کہ ہسپتال میں پانچ افراد کی لاشیں اور 13 زخمی لائے گئے۔ اُن کے مطابق اس حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تعداد عام شہریوں کی ہے جو پولیس تھانے کے قریب رہائش پزیر تھے۔ ان خواتین اور بچے شامل ہیں۔

مقامی لوگوں نے بتایا کہ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ ان کے گھروں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ ایک ریسکیو اہلکار نے بتایا کہ وہ اس مقام سے آٹھ کلومیٹر دور رہتے ہیں اور جب دھماکہ ہوا تو ایسا محسوس ہوا جیسے دھماکہ ان کے مکان کے بہت قریب ہوا ہے اور ایسا شہر کے دیگر لوگوں نے بھی محسوس کیا۔