ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ٹرمپ کی دھمکیوں کو نفرت انگیز قرار دیا
ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سربراہ انیئس کالامار نے ٹرمپ کی دھمکیوں کو نفرت انگیز قرار دے دیا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایرانی پلوں، بجلی گھروں کو تباہ کرنے کے بعد سب سے پہلے متاثر شہری ہوں گے، نہ بجلی، نہ پانی اور حملوں سے بچنے کے لیے کوئی راستہ نہیں ہوگا۔
انیئس کالامار کا کہنا تھا کہ یہ ممکنہ طور پر جنگی جرائم کی سلسلہ وار مثال ہے، یہ ہیں ڈونلڈ ٹرمپ جو سپہ سالار ہیں۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سربراہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ٹرمپ کا ایران کو دھمکی آمیز ٹوئٹ بھی شیئر کیا۔
واضح رہے کہ ٹرمپ نے سوشل میڈیائی بیان میں بے ہودہ الفاظ استعمال کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ کل ایران کے بجلی گھر اور پل تباہ کئے جائیں گے، آبنائے ہرمز کھول دو ورنہ جہنم میں دھکیل دیے جاؤ گے، ایران میں پلانٹ اور پل دونوں ایک ساتھ لپیٹ میں آئیں گے۔
ٹرمپ نے یہ بھی دھمکی دی کہ ایران میں ایسا منظر دیکھا جائے گا جو پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا ہو گا، بس دیکھتے جاؤ، بہت حد تک امکان ہے آج معاہدہ ہوجائے۔ ایران کے کچھ عہدیدار بات چیت کر رہے ہیں،۔اسٹیووٹکوف اور جیرڈ کشنر ایرانیوں کے ساتھ سخت مذاکرات کررہے ہیں، ایران نے معاہدہ نہ کیا تومیں سب کچھ تباہ کرنے،تیل پر قبضہ کرنے پر غور کر رہا ہوں۔
ایران کے نائب وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ ایرانی شہری انفراسٹرکچر سے متعلق ٹرمپ کی دھمکیاں ’جنگی جرائم‘ اور اقوامِ متحدہ چارٹر کے آرٹیکل 2 کی شق چار کی خلاف ورزی ہے۔
نائب وزیرِ خارجہ کاظم غریب آبادی کا مزید کہنا تھا کہ یہ آرٹیکل اقوام متحدہ کے ارکان کو کسی بھی ریاست کی علاقائی سالمیت کے خلاف طاقت کے استعمال یا دھمکی سے منع کرتا ہے۔ کاظم غریب آبادی نے مزید کہا کہ ایران کسی بھی جارحیت کا ’فیصلہ کن‘ اور ’فوری‘ جواب دے گا۔