ہماری انگلیاں اب بھی ٹریگر پر، لبنانی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے: ایرانی صدر

  • جمعرات 09 / اپریل / 2026

ایران کے صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ ہماری انگلیاں اب بھی ٹریگر پر موجود ہیں، ایران لبنانی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔اپنے بیان میں ایرانی صدر نے کہا کہ اسرائیل کی لبنان میں دراندازی جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

 اسرائیلی جارحیت کا تسلسل مذاکرات کو بے معنی بنا دے گا، یہ دھوکہ دہی اور ممکنہ معاہدوں پر عدم سنجیدگی کی ایک خطرناک علامت ہے۔ علاوہ ازیں ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر قالیباف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جنگ بندی تجاویز میں لبنان اور تمام مزاحمتی محور شامل ہیں، جنگ بندی خلاف ورزیوں کی بھاری قیمت اور ان کا سخت ردعمل ہوگا۔

محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ بات چیت سے پہلے ہی 10 نکاتی تجاویز کے 3 اہم نکات کی خلاف ورزی کر دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی فضائی حدود میں ڈرون کی دراندازی ہوئی، ایران کے یورینیم افزودگی کے حق کی نفی کی گئی اور لبنان میں بھی جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی۔

باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ ’جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی بھاری قیمت ہے اور اس کا سخت ردعمل ہو سکتا ہے۔ لہذا اس آگ کو بھڑکنے سے فوری طور پر روکا جائے۔‘