ایران اور امریکہ کا معاہدہ نہیں ہوسکا، وفود واپس روانہ ہوگئے

  • اتوار 12 / اپریل / 2026

اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں اور امن کے لیے کوئی معاہدہ نہیں ہوسکا۔ دونوں ملکوں کے وفود اپنے اپنے وطن واپس روانہ ہوگئے ہیں۔

روانگی سے قبل امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے  ایم مکٹصر پریس کانفرنس میں کہا  کہ ایران کے ساتھ طویل مذاکرات ہوئے، لیکن کسی حتمی معاہدے پر نہیں پہنچے اور بغیر کسی ڈیل کے امریکا جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے ایران کے ساتھ طویل مذاکرات ہوئے ہیں، لیکن بری خبر یہ ہے کہ ابھی تک حتمی معاہدے تک نہیں پہنچے۔ اور یہ امریکا سے زیادہ ایران کیلئے بری خبر ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 21 گھنٹے سے مذاکرات جاری  رہے جن میں مختلف امور پر بات چیت ہو ئی۔مذاکرات میں نیک نیتی کے ساتھ شرکت کی اور اپنی شرائط واضح طور پر پیش کی ہیں۔ ایران نے امریکی شرائط تسلیم نہ کرنے کا انتخاب کیا۔ جے ڈی وینس نے کہا کہ کسی ڈیل کے بغیر ہم واپس امریکا جا رہے ہیں۔ ایرانی وفد سے جوہری ہتھیاروں سے متعلق کوئی واضح عزم نہیں  دکھا سکا۔ ہمیں واضح اور مثبت تصدیق درکار ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش نہیں کرے گا۔

پریس بریفنگ کے دوران امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بھی شکریہ ادا کیا۔  بعدازاں نائب امریکی صدر جے ڈی وینس وفد کے ہمراہ اسلام آباد سے واپس امریکا روانہ ہوگئے۔

دوسری طرف ایرانی وفد کے سربراہ سپیکر پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف  نے کہا ہے کہ مذاکرات کے دوران امریکہ ایران کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ ایکس پر ایک پوسٹ میں قالیباف نے کہا کہ اسلام آباد میں ایرانامریکہ مذاکرات سے پہلے انہوں نےاس بات پر زور دیا تھا کہ ہمارے پاس ضروری نیک نیتی اور ارادہ موجود ہے لیکن پچھلی دو جنگوں کے تجربات کی وجہ سے ہمیں مخالف فریق پر کوئی اعتماد نہیں ہے۔    میرے ساتھیوں نے بعض اقدامات پیش کیے لیکن آخرکار مخالف فریق اس مذاکراتی دور میں ایرانی وفد کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہا۔

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے مذاکرات کو ممکن بنانے میں پاکستان کی کوششوں پر شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ  میں  اپنے دوست اور برادر ملک پاکستان  کی ان کوششوں کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے ان مذاکرات کے عمل کو آسان بنایا۔ میں پاکستان کے عوام کو اپنی نیک تمنائیں پیش کرتا ہوں۔