ڈیل نہ ہوئی تو دوبارہ جنگ کیلئے تیار ہیں: پیٹ ہیگستھ
امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا ہے کہ اگر ایران نے معاہدہ نہ کیا تو امریکی افواج دوبارہ جنگی کارروائیاں کرنے کیلئے تیار ہیں۔
پینٹاگون میں جنرل ڈین کین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی وزیر جنگ نے کہا کہ ایران کیلئے پیغام ہے، ہم آپ پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ایرانیوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ ہماری اور ان کی صلاحیتوں کا کوئی مقابلہ نہیں۔ امریکہ اب بھی پہلے کی طرح مضبوط ہے۔
امریکی وزیر جنگ نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ آپ کون سے فوجی اثاثے منتقل کر رہے ہیں، اپنے فیصلے ایران کو عقلمندی سے کرنا ہوں گے۔ کسی بھی صورت ایران جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا۔ مذاکراتی ٹیم ایران کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے، ڈیل نہ ہوئی تو ہماری فورسز جنگ کے لیے تیار ہیں۔
پیٹ ہیگستھ نے کہا کہ ایران کہتا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز کنٹرول کر رہا ہے، لیکن اس کی اپنی کوئی بحریہ نہیں۔ تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی کنٹرول نہیں، یہ بحری قزاقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی توانائی صنعت مکمل تباہ نہیں ہوئی، امریکی ناکہ بندی سے قبل برآمدات بند ہو رہی تھیں۔ جب تک ضرورت ہوگی ہم آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی برقرار رکھیں گے
مزید برآں امریکا کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی ساحلی پٹی اور بندرگاہوں کی ناکہ بندی کررہے ہیں۔ سمندری ناکہ بندی ایران جانے والے تمام جہازوں کے لیے ہے۔ آبنائے ہرمز سے کسی کو گزرنے کی اجازت نہیں، امریکی افواج ایک اشارے پر حملے کے لیے تیار ہیں۔
جنرل ڈین کین کا کہنا تھا کہ ایرانی بندرگاہوں کی طرف جانے والے جہازوں کو روکا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر ان کے خلاف کارروائی بھی کی جا سکتی ہے تاہم ابھی تک کسی جہاز کے خلاف کارروائی نہیں ہوئی۔ امریکی افواج ایک اشارے پر حملے کے لیے تیار ہے۔