ایران اور امریکہ کے درمیان امن معاہدہ کے روشن امکانات
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران افزودہ یورینیئم امریکا کے حوالے کرنے پر راضی ہو گیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران افزودہ یورینیئم ہمیں دینے پر راضی ہو گیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ متوقع طور پر ہم جلد ہی ایران کے ساتھ معاہدہ کرنے جا رہے ہیں۔ امریکی صدر نے کہا کہ ایران وہ تمام شرائط ماننے پر راضی ہے جن کی پچھلے طویل عرصے سے مزاحمت کرتا آ رہا ہے۔ معاہدے میں آبنائے ہرمز کو کھولنا اور وہاں سے بغیر کسی ٹول ٹیکس کے جہاز رانی بھی شامل ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا ہے کہ میں کسی معاہدے تک پہنچنے کے لیے جنگ بندی میں 2 ہفتے کی توسیع کی توقع نہیں رکھتا۔ کیونکہ معاہدہ جلد ہی طے ہو جائے گا۔ لیکن اگر ضروری ہوا تو میں جنگ بندی میں توسیع کروں گا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ڈیل ہوگئی تو وہ معاہدے پر دستخط کرنے کے لیے اسلام آباد جاسکتے ہیں۔
امریکی صدر نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’یہ دن لبنان کے لیے تاریخی ہو سکتا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کو علاقائی استحکام کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیا ہے۔
ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر پوسٹ میں مزید کہا کہ معاملات بہتری کی جانب جا رہے ہیں۔ یاد رہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان دس روزہ جنگ بندی کے اعلان پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سے قبل بیان میں لبنان میں موجود ایران کے حمایت یافتہ گروہ حزب اللہ پر زور دیا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ ہونے والی جنگ بندی کی پابندی میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔
دریں اثنا ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق آئی جی اسلام آباد کے احکامات پر شہر کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر مشترکہ گرینڈ کومبنگ سرچ آپریشنز جاری ہیں۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر مؤثر چیکنگ کے لیے خصوصی چیکنگ پوائنٹس بھی قائم کیے گئے ہیں، جبکہ تمام پٹرولنگ یونٹس اور خصوصی سکواڈ شہر بھر میں مسلسل گشت کر رہے ہیں۔ سینئر افسران بھی فیلڈ میں موجود ہیں اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ چیکنگ کے دوران پولیس سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔ واضح رہے امید کی جارہی ہے کہ جلد ہی ایران اور امریکہ کے درمیان امن معاہدے کے لئے مذاکرات کا دوسرا راؤنڈ بھی پاکستانی دارالحکومت میں ہوگا۔