ایران کے بارے میں بہت اچھی خبر آئی ہے: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے حوالے سے ’بہت اچھی خبر‘ ہے۔ تاہم امریکی صدر نے اس کی مزید وضاحت نہیں کی۔ ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کچھ دیر پہلے بہت اچھی خبریں موصول ہوئی ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ ایران کے ساتھ مشرقِ وسطیٰ میں چیزیں بہت اچھی چل رہی ہیں۔
جب صدر سے سوال کیا گیا کہ یہ اچھی خبر کیا ہے؟ تو صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’آپ کو جلد اس کے بارے میں پتہ چل جائے گا، کیونکہ یہ وہ کام ہے جو ہونا ضروری تھا اور یہ ایک منطقی قدم ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ ہو گا۔ ہم دیکھیں گے کہ کیا ہوتا ہے، لیکن مجھے لگتا ہے کہ یہ ہو گا۔‘ ساتھ ہی صدر ٹرمپ نے دھمکی دی کہ اگر بدھ تک جنگ کے خاتمے کے لیے طویل مدتی معاہدہ نہ ہوا تو وہ ایران کے ساتھ جنگ بندی ختم کر سکتے ہیں۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ آبنائے ہرمز کی صورتحال سے بہت خوش ہیں اور وہ چین میں ان سے ملاقات کے منتظر ہیں۔ صدر ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل میں اپنے بیان میں کہا کہ ’صدر شی جن پنگ آبنائے ہرمز کو کھولنے اور جس رفتار سے اسے کھولا گیا ہے اس سے بہت خوش ہیں۔ چین میں ہماری ملاقات خاص اور شاید تاریخی ہوگی۔ میں صدر شی سے ملاقات کا منتظر ہوں اور ہم مل کر بہت کچھ کریں گے‘۔
خیال رہے کہ امریکی صدر 14 اور 15 مئی کو چین کا سرکاری دورہ کرنے والے ہیں جو اس سے قبل مارچ میں شیڈول تھا۔ تاہم ایران جنگ کی وجہ سے اسے ملتوی کر دیا گیا تھا۔
پاکستانی روزنامہ ایکپریس نیوز کے مطابق ٹرمپ نے ایران سے جاری مذاکرات میں عندیہ دیا ہے کہ کل ایک سرپراز ہوسکتا ہے تاہم انہوں نے وضاحت دینے سے انکار کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے بتایا کہ ہمیں 20 منٹ پہلے کچھ اچھی خبر ملی ہے اور مشرق وسطیٰ میں ایران کے ساتھ سب کچھ بہت اچھا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ اس کے بارے میں جلد سنیں گے۔ ایک ’ذہین شخصیت‘ کل وائٹ ہاؤس کا دورہ کرے گی۔ یہ ایک ایسی شخصیت ہے جو اپنے ملک کے بارے میں بھی اور دوسرے ملک بارے میں بھی سوچتی ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ وائٹ ہاؤس میں ایک نیوز کانفرنس بھی کی جائے گی۔ ٹرمپ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ایران کے پاس کبھی بھی جوہری ہتھیار نہیں ہوں گے اور ایران کے ساتھ معاہدے کے تحت کوئی مالی تبادلہ نہیں ہوگا۔