امریکہ کے پاس ایران کو جوہری حقوق سے محروم کرنے کا کوئی جواز نہیں: ایرانی صدر
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس ایران کو اس کے جوہری حقوق سے محروم کرنے کا کوئی جواز موجود نہیں ہے۔ واضح رہے کہ اس وقت جوہری معاملے پر واشنگٹن اور تہران کے درمیان جاری اختلافات میں یہ ایک اہم معاملہ ہے۔
ایرانی سٹوڈنٹس نیوز ایجنسی نے مسعود پزشکیان کے حوالے سے کہا کہ ٹرمپ کہتے ہیں کہ ایران اپنے جوہری حقوق کا استعمال نہیں کر سکتا لیکن وہ یہ نہیں بتاتے کہ کیوں؟ وہ کون ہے جو کسی ملک کو اس کے حقوق سے محروم کرے؟ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے ملک کو ایک ’سفاک، خونخوار دشمن‘ کا سامنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ایران جنگ کا مطالبہ نہیں کر رہا ہے بلکہ اپنا دفاع کر رہا ہے۔
ایران کے چیف مذاکرات کار اور پارلیمانی سپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش اس وقت تک ختم نہیں ہوگی جب تک امریکی بحری ناکہ بندی برقرار ہے۔ لیکن انہوں نے اضافہ کیا کہ ’صرف‘ ایک یا دو معاملات ہیں جن پر دونوں فریقین متفق نہیں ہیں۔ تاہم اُنہوں نے وضاحت نہیں کی کہ یہ معاملات کون سے ہیں۔
دوسری جانب صدر ٹرمپ بھی صحافیوں سے گفتگو اور دیگر تقاریر میں مثبت اشارے دے رہے ہیں کہ ’ایک معاہدہ ہو گا اور ایران سے بہت اچھی بات چیت ہو رہی ہے۔‘
صدر ترمپ کا یہ بیان آبنائے ہرمز میں ایک بحری جہاز پر ایرانی سیکیورٹی فورسز کی طرف سے فائرنگ کے چند گھنٹے بعد آیا سامنے آیا تھا۔ لیکن ساتھ ہی ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ ’بلیک میلنگ‘ برداشت نہیں کریں گے۔