ایران امریکہ مذاکرات کا امکان، امریکی وفد آج، ایرانی وفد کی بھی جلد آمد متوقع

  • سوموار 20 / اپریل / 2026

ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور جلد ہو گا، پاکستان نے سفارتی کوششیں تیز کر دیں۔مذاکرات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ دونوں ممالک پاکستان آنے پر آمادہ ہیں۔

 ذرائع کے مطابق پاکستان نے فریقین سے رابطہ کر لیا ہے۔ امریکی وفد آج پاکستان پہنچ جائے گا، ایرانی وفد کی بھی جلد پاکستان آمد متوقع ہے۔دوسری جانب ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ پاکستان نے امن کے لیے اپنا کردار ادا کیا مگر امریکا پر اعتماد نہیں۔ مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت کا تاحال کوئی ارادہ نہیں۔ وفد پاکستان نہیں جائے گا۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ ایران امریکا پر یقین نہیں کرسکتا۔ایران اپنے مفادات کا تحفظ جاری رکھے گا۔امریکا نے ثابت کر دیا وہ سفارتی عمل کو آگے بڑھانے میں سنجیدہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکا نے جارحانہ اقدام کیے، جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کیں۔ ہمیں اپنی صلاحیتوں پر پورا یقین ہے، امریکا پر اعتماد نہیں۔ امریکا ماضی سے سبق نہیں سیکھ رہا، موجودہ حالات میں امریکا کے ساتھ بات چیت ممکن نہیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ لبنان میں جنگ بندی معاہدے کا حصہ ہے۔لبنان میں جنگ بندی کی بنیاد پر ہی ہم نے آبنائے ہرمز کو کھولا تھا۔لبنان جنگ بند ی سے متعلق ہم نے امریکی بددیانتی کے کئی اقدامات دیکھے۔بددیانتی سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکا جنگ بندی کیلئے سنجیدہ نہیں ہے۔

دریں اثنا پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سوموار کے روز اسلام آباد میں امریکہ کی سفیر نیٹلی بیکر اور ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں۔ اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو میں واقع امریکہ کے سفارتخانے میں نیٹلی بیکر سے ملاقات کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران اور امریکہ کے درمیان اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے سکیورٹی انتظامات سے متعلق امریکی سفیر کو آگاہ کیا۔

وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنے تمام خاص مہمانوں کے لیے سکیورٹی کےخصوصی انتظامات کیے ہیں۔ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ’اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کی کامیابی کے لیے دعا گو ہیں‘۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی سفیر نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے مخلصانہ کردار کو سراہا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے اسلام آباد میں تعینات ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم سے بھی ملاقات کی اور اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے لیے کیے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزارتِ داخلہ کے بیان کے مطابق ملاقات کے دوران کشیدگی میں کمی لانے کے لیے سفارتی و مذاکراتی چینلز کے ذریعے پائیدار حل کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پاکستان مذاکرات کے ذریعے ایران امریکہ تنازع کے حل کا داعی ہے۔ انہوں نے ایرانی سفیر کو آگاہ کیا کہ اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے لیے تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں اور غیر ملکی وفود کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ ایرانی سفیر نے کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے مثبت و تعمیری کردار کو سراہا۔