فیلڈ مارشل عاصم منیر کی طرف سے ٹرمپ کو بلاکیڈ ختم کرنے کا مشورہ
پاکستانی سکیورٹی ذرائع نے روئٹرز کو بتایا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فون پر فیلڈ مارشل عاصم منیر سے کہا ہے کہ وہ ایران کی بندرگاہوں کی امریکی ناکہ بندی کے بارے میں اُن کے مشورے پر غور کریں گے۔ کیوں کہ یہ ایران کے ساتھ امن بات چیت میں رکاوٹ ہے۔
اس دوران چینی صدر شی جن پنگ نے پیر کو ٹیلیفون پر گفتگو میں سعودی ولی عہد سے کہا ہے کہ ’آبنائے ہرمز کو معمول کی آمد و رفت کے لیے کھلا رہنا چاہیے، کیونکہ یہ خطے کے ممالک اور عالمی برادری کے مشترکہ مفادات کے لیے ضروری ہے۔‘ چینی صدر نے سعودی ولی عہد سے کہا کہ چین مشرق وسطیٰ کے ممالک کی اس بات میں حمایت کرتا ہے کہ وہ اپنے مستقبل اور خود مختاری کی حفاظت کریں اور خطے میں طویل المدتی استحکام اور امن کو فروغ دیں۔
ایران کی فوج نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ اتوار کو خلیج عمان میں ایک امریکی (ڈسٹرائر) جہاز کی ایرانی پرچم بردار کارگو جہاز پر فائرنگ کا جواب دے گی۔ یہ ایرانی جہاز امریکی بحری ناکہ بندی سے بچنے کی کوشش کر رہا تھا۔
ایرانی فوج کے مرکزی کمانڈ سینٹر خاتم الانبیا کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’ہم خبردار کرتے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج جلد ہی اس مسلح قزاقی اور امریکی فوج کے خلاف جواب اور جوابی کارروائی کریں گی۔‘ انہوں نے امریکہ پر الزام لگایا کہ اس نے آٹھ اپریل سے نافذ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ایرانی جہاز ’توسکا‘ نے رکنے کے انتباہ کو نظر انداز کیا، جس کے بعد امریکی نیوی نےان کے انجن روم میں سوراخ کر کے اسے وہیں روک دیا۔ اس وقت امریکی میرینز نے جہاز کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور اس میں موجود سامان کی جانچ کر رہے ہیں۔
یہ واقعہ آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران پیش آیا ہے جو دنیا کی تیل اور مائع قدرتی گیس کی ترسیل کے لیے ایک اہم گزرگاہ ہے اور گذشتہ سات ہفتوں سے امریکہ-اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ کے آغاز کے بعد تقریباً بند رہی ہے۔
ایران نے جمعے کو اس آبنائے کو عارضی طور پر کھولا تھا لیکن اگلے ہی دن اسے دوبارہ بند کر دیا کیونکہ امریکہ نے ایرانی بندرگاہوں سے آنے جانے والے جہازوں پر اپنی ناکہ بندی برقرار رکھی ہوئی ہے۔ اتوار کو ایک اور پوسٹ میں ٹرمپ نے تہران پر الزام عائد کیا کہ اس نے بدھ کو ختم ہونے جا رہی جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہفتے کو اس اہم بحری گزرگاہ میں حملے کیے۔