امریکہ کی طرف سے ایران کی بحری ناکہ بندی وسیع کرنے کا فیصلہ
امریکہ کے وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے ایرانی بندرگاہوں پر جاری بحری ناکہ بندی سخت کرنے کا اشارہ دیا ہے۔ یہ بات انہوں نے ایکس پر ایک پیغام میں کہی۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چند ہی دنوں میں ایران کے خارگ جزیرے پر واقع تیل ذخیرہ کرنے کی تنصیبات مکمل طور پر بھر جائیں گی اور ایران کو نہ چاہتے ہوئے بھی تیل کے کنویں بند کرنا پڑیں گے۔
وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے مزید کہا کہ ایران کی سمندری تجارت کو محدود کرنا براہِ راست ایرانی حکومت کی آمدنی کے بنیادی ذرائع کو نشانہ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی وزارت خزانہ معاشی دباؤ کے ذریعے تہران کے مالی وسائل پیدا کرنے، منتقل کرنے اور واپس لانے کی صلاحیت کو منظم انداز میں کمزور کرتی رہے گی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ جو کوئی بھی خفیہ طور پر ایران کی تجارت پر امریکی پابندیوں کو نظرانداز کرنے کی کوشش کرے گا، اسے بھی سخت پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔