ایران کے ساتھ جنگ بندی کی کوئی مدت مقرر نہیں ہے: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع کے معاملے پر ’وقت کی کوئی قید نہیں‘۔ انہوں نے یہ بات نشریاتی ادارے فاکس نیوز کی میزبان مارتھا میکالَم سے بات کرتے ہوئے کہی۔
مارتھا میکالَم کے مطابق صدر ٹرمپ نے بدھ کو ایک ٹیلی فونک گفتگو میں انہیں بتایا کہ وہ تنازع کے خاتمے کے لیے ’کسی عجلت میں نہیں‘ اور وہ ’ایک بہترین معاہدہ‘ چاہتے ہیں۔ اس سے قبل بدھ کے روز وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے وائٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کہا تھا کہ ’جنگ بندی کے لیے کوئی حتمی مدت مقرر نہیں کی گئی‘۔ لیویٹ نے جنگ بندی میں تین سے پانچ دن کی توسیع سے متعلق خبروں کو ’غلط‘ قرار دیا۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کا کہنا تھا کہ ’صدر ٹرمپ نے کوئی ڈیڈ لائن مقرر نہیں کی وہ بحری ناکہ بندی سے مطمئن ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ایران اس وقت بہت کمزور پوزیشن میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایرانی قیادت کی جانب سے مختلف نوعیت کے بے معنی بیانات سامنے آ رہے ہیں۔
دریں اثنا پاکستان کے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ ایران کی جانب سے مثبت پیش رفت کی امید ہے۔ جمعرات کے روز ہونے والی ملاقات کے دوران خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے دور کے انعقاد کے حوالے سے سفارتی کاوشوں پر بھی بات چیت ہوئی۔
وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق محسن نقوی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جنگ بندی میں توسیع کے اقدام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع خوش آئند ہے۔ انہوں نے اسے کشیدگی میں کمی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔
وزیرِ داخلہ کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے بھی مثبت پیش رفت کی امید ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر مسئلے کے حل کے لیے ہر سطح پر بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ امید ہے کہ فریقین سفارتی اور پر امن حل کو موقع دیں گے۔