لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی میں تین ہفتے کی توسیع
اسرائیل اور لبنان کے نمائندوں کے درمیان گزشتہ روز واشنگٹن میں مذاکرات کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ اس میں مزید تین ہفتوں کی توسیع کر دی گئی ہے۔
ابتدا میں 16 اپریل کو دونوں ممالک کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا تھا۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے اس وقت فراہم کی گئی تفصیلات کے مطابق، معاہدے میں درج ذیل نکات شامل تھے۔ اسرائیل کو یہ حق حاصل رہے گا کہ وہ اپنے دفاع میں، کسی بھی وقت، منصوبہ بند، فوری یا جاری حملوں کے خلاف تمام ضروری اقدامات کرے۔ لبنان کے لیے لازم ہو گا کہ وہ حزب اللہ اور دیگر تمام ’غیر ریاستی مسلح گروہوں‘ کو اسرائیلی اہداف کے خلاف حملے کرنے سے روکنے کے لیے نتیجہ خیز مذاکرات کرے۔
فریقین اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ لبنان کی سلامتی کی مکمل ذمہ داری لبنان کی سکیورٹی فورسز پر عائد ہوتی ہے۔ اسرائیل اور لبنان نے امریکہ سے درخواست کی کہ وہ ’تمام باقی مسائل کے حل‘ کے مقصد سے براہِ راست مذاکرات کو ممکن بنانے کا عمل جاری رکھے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ یہ جنگ بندی اسرائیل کی جانب سے ’نیک نیتی کے اظہار‘ کے طور پر ہے، جس کا مقصد دونوں فریقین کے درمیان مستقل سلامتی اور امن کے معاہدے کی جانب نیک نیتی سے مذاکرات‘ کو ممکن بنانا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات موجود نہیں ہیں اور اس ماہ ہونے والے مذاکرات سے قبل ان کے درمیان آخری براہِ راست اعلیٰ سطحی بات چیت 1993 میں ہوئی تھی۔
تاہم جنگ بندی کے اعلان کے بعد جمعے کی صبح اسرائیلی دفاعی افواج اور حزب اللہ نے ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے ہیں۔ اس سے قبل اسرائیلی فوج کا دعویٰ سامنے آیا تھا کہ اس نے لبنان سے داغے گئے کئی گولوں کو روک لیا ہے۔ حزب اللہ نے ٹیلی گرام پر کہا کہ اس نے راکٹ حملے میں شٹولا کے علاقے کو نشانہ بنایا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں آئی ڈی ایف نے تین افراد کو ہلاک کیا ہے جو اس کے بقول ’حزب اللہ کے دہشت گرد‘ تھے۔ اسرائیلی فوج نے ان پر اسرائیلی فضائیہ کے ایک طیارے کی جانب ’ناکام‘ میزائل داغنے کا الزام عائد کیا تھا۔ آئی ڈی ایف نے مزید کہا کہ دو الگ الگ واقعات میں حزب اللہ نے جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجیوں کی جانب راکٹ داغے۔
جمعرات کی شام حزب اللہ نے کہا تھا کہ اس نے اسرائیل کی جانب سے ’جنگ بندی کی خلاف ورزی‘ کے جواب میں شمالی اسرائیل پر راکٹ داغے۔ لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیل نے آج صبح ملک کے جنوب میں واقع شہر صور میں حملے کیے۔