ایران تنازعہ نے بے قصور لوگوں کو متاثر کیا: پوپ لیو

  • جمعہ 24 / اپریل / 2026

پوپ لیو نے امریکہ اور ایران پر جنگ کے خاتمے کے لیے امن مذاکرات جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس تنازع نے ’ایران میں بے قصور لوگوں کی ایک پوری آبادی کو متاثر کیا ہے۔‘

ان کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پوپ پر ایک طویل تنقیدی پیغام جاری ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔ یاد رہے کہ پوپ ایران میں امریکہ اور اسرائیل کی فوجی کارروائی کی کھل کر تنقید کرتے رہے ہیں۔

چار افریقی ممالک کے دورے کے بعد روم واپسی کی پرواز میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’میں امن کے لیے مکالمے کے تسلسل کی حوصلہ افزائی کروں گا۔ تاکہ تمام فریق امن کے فروغ، جنگ کے خطرے کے خاتمے اور بین الاقوامی قانون کے احترام کے لیے ہر ممکن کوشش کریں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ میں سب کو اس بات کی ترغیب دینا چاہتا ہوں کہ وہ نفرت اور تقسیم کے بجائے امن کی ثقافت سے جنم لینے والے جوابات تلاش کرنے کی کوشش کریں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ اپنے ساتھ لبنان کے ایک مسلمان بچے کی تصویر رکھتے ہیں جسے گزشتہ سال وہاں کے دورے کے دوران ’ویلکم پوپ لیو‘ کا پلے کارڈ تھامے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ پوپ نے کہا کہ ’جنگ کے اس حالیہ مرحلے میں وہ بچہ ہلاک ہو گیا۔‘