مونچھیں اونچی نیچی تو ہوتی ہی رہتی ہیں!
- تحریر عطاالحق قاسمی
- جمعہ 24 / اپریل / 2026
میں بہت عرصے سے ایک دوست کی زبانی مونچھوں کی مدح سن رہا تھا۔ اس ’مونچھ لور‘ نے تو اس حوالے سے ایک مقولہ ’مونچھ نہیں تو کچھ نہیں‘ بھی ایجاد کر رکھا تھا حالانکہ اس کیلئے ’کچھ‘ کو مونچھ کے وزن پر باندھنے کیلئے اسے ’ کوچھ‘ میں بدلنا پڑاتھا۔
میرے اس دوست کا کہنا تھا کہ مونچھ مرد اور عورت کے درمیان حد فاصل کا کام دیتی ہے چنانچہ جس مرد کی مونچھ نہیں ہے اسے کسی بھی نازک لمحے میں عورت سمجھا جا سکتا ہے۔ میں اس کو جواب میں کہتا تھا کہ تمہاری احتیاط اپنی جگہ قابل قدر ہے لیکن جس طرح کے تمہارے نین نقش ہیں، مزید احتیاط کا تقاضا ہے کہ تم داڑھی بھی رکھ لو مگر میرا یہ مشورہ اس کیلئے قابل قبول نہیں تھا۔ شاید اس لئے کہ میرا یہ درمیانے قسم کا دوست ’درمیان‘ ہی میں رہنے کا خواہشمند تھا۔
موصوف میرے سامنے مونچھوں کے جو فضائل بیان کرتے تھے ان میں سے ایک فضیلت یہ بھی تھی کہ آپ کے پاس اگر کوئی ہتھیار نہ بھی ہو تو بھی مخالف کو مونچھوں کو تاؤ دے کریرکایا جا سکتا ہے چنانچہ اس کی مونچھ کی ’شکل و صورت‘ بھی پستول مار کہ تھی۔ مونچھوں کی مدح کے بیان میں اس کا یہ کہنا بھی تھا کہ انسان اگر سر سے گنجا بھی ہو جائے تو بھی مونچھوں سے کبھی گنجا نہیں ہوتا چنانچہ اس باقیات الصالحات کی قدر کرنا چاہئے۔
مونچھوں کے حوالے سے میرے دوست کا ایک بیان اور بھی تھا اور وہ یہ کہ انسان اپنے کردار سے نہیں، اپنی مونچھوں سے پہچانا جاتا ہے۔ اس کیلئےاس نے کوئی دلیل نہیں دی۔ شاید اس لئے کہ لوگ میرے اس دوست کو آج بھی اس کی مونچھوں نہیں، اس کے کردار کے حوالے ہی سے پہچانتے ہیں جس پر پردہ ڈالنے کیلئے اس نے مونچھیں رکھی تھیں ۔
یہ اور اس طرح کی بہت سی دوسری باتیں میرے علاوہ میرا ایک ہمسایہ بھی اس دوست سے سنتا رہتا تھا۔ غالباً ان میں سے کچھ باتیں اس کے دل کو لگیں چنانچہ کافی سوچ بچار کے بعد اس نے فیصلہ کیا کہ مونچھیں ٹرائی کرنا چاہئیں کہ آخر اس میں حرج بھی کیا ہے؟ چنانچہ میرے اس ہمسائے نے بالآخر مونچھیں رکھ لیں اور اب اسے احباب کی تنقید سنتے ہوئے اقبال بہت یاد آتا ہے:
آئین نو سے ڈرنا، طرز کہن پہ اڑنا
منزل یہی کٹھن ہے، قوموں کی زندگی میں
سو قوموں کی زندگی میں یہ کٹھن منزل آئی ہوئی ہے اور یہ ’قومیں‘ روزانہ آتے جاتے اس کی مونچھوں پر پھبتیاں کستی ہیں۔
بچپن میں دکانوں پر مونچھوں کی حامل دو تصویریں دیکھنے کا اتفاق ہوا کرتا تھا۔ ایک تصویر میں ایک شخص مونچھوں کو تاؤ دیتا خوش و خرم نظر آتا تھا، اس کے نیچے لکھا ہوتا تھا ’ نقد کی حالت‘ اور دوسری تصویر میں ایک اداس سا شخص ڈھلکی ہوئی مونچھوں کے ساتھ دکھایا جاتا تھا جس کے نیچے یہ تحریر درج ہوتی تھی’ادھار کا انجام‘۔ ان دو تصویروں کے ذریعے دکاندار در اصل گاہک کو یہ پیغام دے رہا ہوتا تھا کہ ادھار مانگنے کی کوشش نہ کریں مگر اس سے کیا فرق پڑتا ہے۔ کیونکہ میں نے اپنے دفتر کی میز پر ایک تختی رکھی ہوئی ہے جس پر درج ہے ’ہمیں احساس ہے کہ آپ کا وقت بہت قیمتی ہے۔‘ یار لوگ یہ پڑھ کرہنستے ہیں اور گھنٹوں بیٹھے رہتے ہیں۔
چنانچہ میں نے اپنے ہمسائے کو بتایا کہ زمانہ اسی طرح ہر سنجیدہ بات کو مذاق کا نشانہ بناتا ہے۔ لہٰذا تم دل چھوٹا نہ کرنا اور اب اگر تم نے مونچھیں رکھ ہی لی ہیں تو ان کے ادب آداب کی پاسداری کرتے رہنا۔ یہ سن کر میرا ہمسایہ جو لوگوں کی پھبتیوں پر ملول نظر آتا تھا، میری بات سن کر مزید ملول ہو گیا اور بولا یہ جو تم نے مونچھوں کی پاسداری کی بات کی ہے، یہ تو بہت مشکل کام ہے کیونکہ اس میں تو جان بھی جاسکتی ہے۔
میں نے حیران ہو کر پوچھا وہ کیسے؟
بولا ’مونچھیں ایک مرد کی آن ہوتی ہیں اور ہمارے ہاں کہا جاتا ہے کہ جان جائے، پر آن نہ جائے۔ صرف یہی نہیں بلکہ ان کی پاسداری کا تقاضا تو یہ ہے کہ جب تک دم میں دم ہے، مشکل سے مشکل وقت میں مونچھ اونچی ہی رکھی جائے۔ حالانکہ مونچھ نیچی کرنے سےکامیابی کے سینکڑوں در کھل جاتے ہیں‘۔
میں نے کہا: میں تمہاری بات سمجھا نہیں ؟
بولا ’اب یہ سیدھی سی بات میں تمہیں کیسے سمجھاؤں، زندگی میں ہر فرد اور ہر قوم کو اپنی عزت نفس کے حوالے سے کچھ ایسے فیصلے کرنا پڑتے ہیں جن پر عملدرآمد کے نتیجے میں نہایت مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس کے برعکس اگر لمحے بھر کیلئے عزت نفس کو ذرا پرے کر دیا جائے تو زندگی بہت آسان ہو جاتی ہے۔ دنیا کے بہت سے ممالک اپنی عزت، افتخار اور خود مختاری پر آنچ نہیں آنے دیتے اور پھر مشکل حالات سے گزرتے ہیں۔ یہی معاملہ افراد کا بھی ہے۔ میں ایک کمزور شخص ہوں لیکن اس کے باوجود مونچھ کے آداب کی پاسداری کرنے کی خواہش میرے دل میں ہے، میں کیا کروں؟‘
اس پر میں نے ایک قہقہہ لگایا اور کہا: ’کرنا کیا ہے، بلا خوف و خطر بوقت ضرورت اپنی مونچھ نیچی کر لیا کرو اور جب کام ہو جائے تو دوبارہ مونچھوں کو تاؤ دینا شروع کر دو‘۔
16دسمبر 1971 کو ڈھا کہ میں ہمارے جرنیل نے انڈیا کے سامنے ہتھیار ڈالتے وقت ’مونچھیں‘ نیچی کر لی تھیں، لہٰذا تم بھی مونچھ کی اونچ نیچ کی فکر نہ کرو۔ یہ اونچی نیچی تو ہوتی ہی رہتی ہیں۔
(بشکریہ: روزنامہ جنگ)