امریکہ سے پاکستان کے حوالے کیا گیا بحری عملہ ایران پہنچ گیا
امریکہ کی جانب سے گزشتہ دنوں قبضے میں لیے جانے والے ایرانی جہاز کا عملہ پیر کو واپس وطن پہنچ گیا۔ ایرانی نیوز ایجنسی ’تسنیم‘ کے مطابق ایم وی توسکا بحری جہاز کے ایرانی عملے کے 15 ارکان رمدان سرحدی گذرگاہ کے راستے پاکستان سے ایرانی صوبے سیستان بلوچستان پہنچے۔
حکومت پاکستان نے پیر کو ایک بیان میں کہا تھا کہ امریکہ کی جانب سے ایرانی جہاز کے عملے کو آج ایران کے حوالے کر دیا جائے گا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان کیپٹن ٹم ہاکنز نے اتوار کو اے بی سی میڈیا کو بتایا تھا کہ امریکی ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کرنے پر قبضے میں لیا جانے والا ایرانی جہاز عملے سمیت پاکستان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
کیپٹن ہاکنز کے مطابق آج امریکی افواج نے ایم/وی توسکا کے 22 عملے کے ارکان کو پاکستان منتقل کرنے کا عمل مکمل کر لیا تاکہ انہیں ایران واپس بھیجا جا سکے۔ چھ دیگر مسافروں کو گزشتہ ہفتے ہی وطن واپسی کے لیے خطے کے ایک ملک منتقل کر دیا گیا تھا۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق یہ چھ افراد عملے کے بعض ارکان کے اہل خانہ تھے۔
اس ایرانی جہاز کو امریکہ کے مطابق گزشتہ ماہ امریکی بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی کوشش کرتے ہوئے روکا اور قبضے میں لیا گیا تھا۔ اسلام آباد میں دفتر خارجہ نے آج ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ’اعتماد سازی کے ایک اقدام کے طور پر امریکہ کی جانب سے ضبط شدہ ایرانی کنٹینر جہاز ’ایم وی توسکا‘ پر موجود بائیس (22) ایرانی عملے کو پاکستان منتقل کر دیا گیا ہے۔‘ بیان کے مطابق یہ افراد گzشتہ شب پاکستان لائے گئے تھے اور آج ایرانی حکام کے حوالے کر دیے جائیں گے۔ ایرانی جہاز کو بھی ضروری مرمت کے بعد پاکستانی علاقائی پانیوں میں واپس لایا جائے گا، جہاں سے اسے اس کے اصل مالکان کو لوٹا دیا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’پاکستان ایسے اعتماد سازی کے اقدامات کا خیرمقدم کرتا ہے اور خطے میں امن و سلامتی کے لیے جاری مصالحتی کوششوں کے دوران مکالمے اور سفارت کاری کو آگے بڑھانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔‘