لکی مروت میں دھماکا، 7 افراد جاں بحق

  • منگل 12 / مئ / 2026

خیبر پختون خوا کے ضلع لکی مروت کے سرائے نورنگ بازار میں دھماکا ہوا ہے، جس میں 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے سے جاں بحق 7 افراد کی لاشیں نورنگ اسپتال لائی گئی ہیں۔

اسپتال انتظامیہ نے بتایا ہے کہ دھماکے میں شہید ہونے والوں میں 2 ٹریفک پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ اسپتال کی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں 18 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسپتال لائے گئے زخمیوں میں خاتون اور بچے بھی شامل ہیں۔

اسپتال انتظامیہ نے یہ بھی بتایا ہے کہ سرائے نورنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب ڈی پی او نذیر خان نے بتایا ہے کہ دھماکے میں جس گاڑی کا استعمال کیا گیا، اس میں 1 من سے زائد بارودی مواد رکھا گیا تھا۔ ڈی پی او نذیر خان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے، دھماکا خودکش تھا یا ریموٹ کنٹرول  اس سے متعلق تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی نے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ واقعے میں 2 ٹریفک پولیس اہلکار اور 5 شہری شہید ہوئے، واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ صوبائی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے لکی مروت میں تھانہ نورنگ کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے 2 ٹریفک اہلکاروں سمیت قیمتی جانوں کے ضیاع پر  افسوس کا اظہار کیا ہے۔ محسن نقوی نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہدا کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے عفریت کا سر کچلنے کے لیے پوری قوم یکجان ہے۔  دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ہر طبقے نے قربانیاں دی ہیں۔