تائیون پر تنازعہ نہیں ہوگا: صدر ٹرمپ

  • جمعہ 15 / مئ / 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر اصرار کیا ہے کہ ’ایران ایٹمی ہتھیار نہیں رکھ سکتا۔‘ انہوں نے کہا کہ ان کے چینی ہم منصب شی جن پنگ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کی حمایت کرتے ہیں۔

ٹرمپ نے ائیر فورس ون پر سوار صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ (چینی صدر شی) سختی سے محسوس کرتے ہیں کہ ان (ایران) کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ وہ آبنائے ہرمز کو کھول دیں۔‘ چین کے دورے سے واپسی پر ٹرمپ نے کہا کہ وہ چند دنوں میں ایرانی تیل خریدنے والی چینی تیل کمپنیوں پر عائد پابندیاں اٹھانے کا فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ چین امریکہ سے اربوں ڈالر کی سویا بین خریدے گا جو کسانوں کے لیے ایک اچھی خبر ہے۔

تائیوان سے متعلق سوالات پر ٹرمپ نے کہا کہ تاحال تائیوان کو ہتھیار فراہم کرنے کی منظوری نہیں دی، ممکن ہے دیں اورممکن ہے نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ’تائیوان سے متعلق امریکی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔‘

ٹرمپ نے کہا کہ ’چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ تائیوان معاملے پر گفتگو کی۔ مجھے نہیں لگتا کہ تائیوان پر کوئی تنازع ہونے جا رہا ہے۔ تائیوان کے حوالے سے چین سے کوئی وعدہ نہیں کیا۔‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ صدر شی کو آمر سمجھتے ہیں تو اس کے جواب میں انہوں نے کہا ’میں انہیں چین کا صدر سمجھتا ہوں اور ان کی عزت کرتا ہوں۔‘