بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی سے پاکستان کی ترقی روکی نہیں جا سکتی: فیلڈ مارشل

  • منگل 19 / مئ / 2026

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پراپیگنڈے ،فیک نیوز یا بیرونی سرپرستی میں دہشتگردی سے پاکستان کی ترقی نہیں روکی جا سکتی۔ انہون نے یہ بات کوئٹہ گیریژن کے دورہ کے موقع پر کہی۔  انہوں نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے اعلیٰ تربیتی معیار، فکری استعداد اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میں زیر تربیت افسران اور اساتذہ سے خطاب کیا اور جدید جنگ کے تیزی سے بدلتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالی۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ افسران بدلتے ہوئے جنگی تقاضوں کا مؤثر جواب دینے کے لیے اپنی اور اپنے جوانوں کی مسلسل تربیت یقینی بنائیں۔ افسران پیشہ ورانہ مہارت، تیاری اور آپریشنل برتری کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ کالج کے فارغ التحصیل افسران اپنی غیر معمولی کارکردگی اور پیشہ ورانہ لگن کے باعث ہمیشہ نمایاں رہے ہیں۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور عروج کو پروپیگنڈے، جعلی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں دہشت گردی کے ذریعے روکا نہیں جا سکتا۔ پراکسیز اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والی دشمن قوتیں ناکام ہوں گی۔ دشمن قوتیں ریاست کی مضبوطی اور عوام کے اتحاد کے باعث بالآخر ناکام ہوں گی۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ پائیدار ترقی عوام دوست حکمتِ عملی اور بہتر طرزِ حکمرانی کے ساتھ مؤثر سکیورٹی اقدامات سے مشروط ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ابھرتی ٹیکنالوجیز، ملٹی ڈومین آپریشنز، تینوں افواج کے درمیان ہم آہنگی اور مستقبل کے جنگی چیلنجز سے باخبر رہنے کی اہمیت پر زور بھی دیا۔

فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں تعینات فارمیشنز کے افسران اور جوانوں سے ملاقات بھی  کی۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان میں پائیدار امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیتے بلوچستان حکومت کی سماجی و معاشی بہتری اور ریاست و عوام کے درمیان تعلق مضبوط بنانے کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ عوام کی بھلائی کو مدنظر رکھ کر طویل المدتی ترقی اہمیت رکھتی ہے، بلوچستان میں سکیورٹی اقدامات کے ساتھ ساتھ حکمرانی اور ترقی اہمیت رکھتی ہے۔

چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ پاکستان نے دنیا میں بلند مقام حاصل کرنا ہے، پاکستان کا ترقی اور خوشحالی کا سفر منزل تک پہنچے گا۔