محسن نقوی ایک بار پھر تہران پہنچ گئے
پاکستان کے وزیرِ داخلہ محسن نقوی ایک بار پھر تہران پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ ایران کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزارتِ داخلہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ وزیر داخلہ کا دورہ پچھلے دورے کا تسلسل ہے اور ان کا ایجنڈا (امریکہ اور ایران کے درمیان) مذاکرات کی بحالی ہے۔
پاسدارانِ انقلاب سے قریب سمجھی جانے والی خبر ایجنسی تسنیم نے بھی پاکستانی وزیرِ داخلہ کے تہران پہنچنے کی تصدیق کی ہے۔ خیال رہے محسن نقوی تقریباً چار روز ایران میں گزار کر گزشتہ روز منگل کو ہی پاکستان پہنچے تھے، جہاں انہوں نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیرِ خارجہ عباسی عراقچی سمیت متعدد ایرانی شخصیات سے ملاقاتیں کی تھیں۔
منگل کو ایران سے واپسی کے بعد محسن نقوی نے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو اپنے دورے سے متعلق آگاہ بھی کیا تھا۔ حکومتِ پاکستان کی جانب سے وزیرِ داخلہ کے دورے کی تفصیلات تو شیئر نہیں کی گئیں، لیکن یہ دورے ایک ایسے وقت میں سامنے آ رہے ہیں جب ایران اور امریکہ کے درمیان مستقل جنگ بندی اور مذاکرات کی بحالی کے لیے پاکستان کی ثالثی میں پیغامات کا تبادلہ کر رہے ہیں۔
اس دوران ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران پر دوبارہ فوجی حملہ شروع کرنے کے عندیے کے جواب میں کہا ہے کہ ’یقین رکھیں کہ میدان جنگ میں واپسی کی صورت میں آپ کو بہت سے سرپرائز ملیں گے۔‘ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ ایران کے پاس کسی معاہدے تک پہنچنے کے لیے ’محدود وقت‘ بچا ہے کیونکہ امریکہ اسے ’جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دے سکتا۔ معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں امریکہ دوبارہ ایران پر حملہ کر سکتا ہے۔‘