امریکہ مذاکرات کے دوران نئے حملوں کی تیاری کررہا ہے
سی بی ایس نیوز نے بتایا ہے کہ سفارتی کوششوں کے دوران بھی امریکہ ایران پر نئے حملوں کی تیاری کر رہا ہے۔ منصوبہ بندی سے آگاہ ذرائع نے سی بی ایس نیوز کو بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ جمعہ کو نئے حملوں کی تیاری کر رہی تھی تاہم جمعہ کی شام تک حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا تھا۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں اعلان کیا کہ ’حکومتی معاملات‘ کی وجہ سے وہ ہفتہ کے روز اپنے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کی شادی میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔
کئی ذرائع نے یہ بھی کہا ہے کہ امریکی فوج اور انٹیلی جنس کمیونٹی کے کچھ ارکان نے اپنے تعطیلات کے منصوبے منسوخ کر دیے ہیں، یہ اقدام نئے حملوں کے امکان کے پیش نظر اٹھایا گیا تھا۔ ان ذرائع کے مطابق امریکی دفاعی اور انٹیلی جنس حکام خطے میں امریکی فوجی موجودگی کو کم کرنے کی کوششوں اور ممکنہ ایرانی ردعمل کے خدشات کے تحت مشرق وسطیٰ میں تعینات کچھ افواج کے انخلا کے ساتھ ساتھ بیرون ملک اڈوں پر سٹینڈ بائی پر موجود فوجیوں کی فہرست کو اپ ڈیٹ کر رہے ہیں۔
اپریل کے اوائل میں عارضی جنگ بندی کے آغاز کے بعد سے ایران اور امریکہ نے بڑے پیمانے پر ایک دوسرے پر براہ راست حملہ کرنے سے گریز کیا ہے، جس سے طویل مدتی معاہدے پر بالواسطہ بات چیت کے لیے وقت دیا گیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان اینا کیلی نے سی بی ایس کو بتایا کہ ’ٹرمپ نے اپنی سرخ لکیریں بالکل واضح کر دی ہیں کہ ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنا چاہیے اور وہ اپنی افزودہ یورینیم کو برقرار نہیں رکھ سکتا۔‘