فیلڈ مارشل عاصم منیر کی عباس عراقچی سے ملاقات، ایران امریکا مذاکرات پر تبادلہ خیال

  • ہفتہ 23 / مئ / 2026

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی جس میں ایران امریکا مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستان کی امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے کوششیں جاری ہیں اور اسی سلسلے میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی ایران میں موجود ہیں۔

ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی جس میں خطے میں کشیدگی کم کرنے، امن، استحکام، مغربی ایشیا کی سکیورٹی سے متعلق سفارتی کوششوں پر گفتگو کی۔خیال رہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر گزشتہ روز ایران کے دورے پر پہنچے تھے جہاں ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا۔

دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی پہلے ہی ایران میں موجود ہیں جہاں انہوں نے ایران کی کئی اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی کی ہیں اور امریکا کے ساتھ جاری تنازعات میں کمی کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال بھی کیا۔ایرانی میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل اعلیٰ ایرانی شخصیات سے ملاقات کریں گے جب کہ ایران امریکا مذاکرات ،خطے میں قیام امن اور دیگر اہم امور پر بات چیت ہوگی۔

چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر ایران امریکا امن معاہدے کو حتمی شکل دینے کی کوششیں کریں گے۔ فیلڈ مارشل کا دورہ ایران پاکستان کی جاری ثالثی کی کوششوں کا حصہ ہے۔

اس دوران ایرنی وزارتِ صنعت کان کنی و تجارت کے ترجمان عزت اللہ زارعی کا کہنا ہے کہ ایران میں جنگ کے دوران تقریباً تین ہزار صنعتی یونٹس کو نقصان پہنچا ہے۔ ترجمان نے ایک بیان میں مزید کہا کہ بعض صوبوں میں ابھی اس بات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ابھی یہ کام مکمل نہیں ہوا کہ نقصان کتنا ہوا، اس لیے حتمی اعداد و شمار سامنے نہیں آئے۔