کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب دھماکہ، 14 افراد شہید، متعدد زخمی

  • اتوار 24 / مئ / 2026

کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 14 افراد شہید اور خواتین و بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق چمن پھاٹک کے قریب دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی ۔انجن سمیت تین کوچز پٹری سے اتر گئیں، دو کوچز الٹ گئیں، ٹرین کی ایک بوگی مکمل تباہ ہو گئی جبکہ ایک بوگی کو جزوی نقصان ہوا ہے۔

حکام کے مطابق سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ دھماکے سے اردگرد کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، ٹریک کے اطراف میں کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے ڈاکٹروں اور طبی عملے کو طلب کر لیا گیا۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کوئٹہ میں دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمن عناصر پاکستان کے عوام کو نقصان پہنچانے کے ساتھ پاکستان کی عالمی امن کاوشوں سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔دنیا دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کا اصل چہرہ دیکھے کہ وہ کس طرح پاکستان کی عالمی امن کی کوششوں کو متاثر کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے کہ پاکستان دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں، مالی معاونت کرنے والوں اور محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے والوں کو شکست دے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بزدلانہ حملے عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ غم کی گھڑی میں بلوچستان کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون شاہد رند نے کہا ہے کہ شہدا میں ایف سی کے 3 جوان بھی شامل ہیں۔ دہشت گردوں نے نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا، حملہ امن دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائی ہے، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

انہوں نے بتایا کہ شواہد اکٹھے کرنے اور تحقیقات کا عمل جاری ہے، عوامی مقامات کو نشانہ بنانا دہشت گردوں کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے، شہداکی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ چمن پھاٹک کے قریب دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔  فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد معصوم شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنا کر اپنی درندگی کا ثبوت دے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کوئٹہ میں بم دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی و تعزیت کی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دھماکے کی شدید مذمت کی اور اس بزدلانہ دہشتگرد کارروائی کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ معصوم شہریوں اور عوامی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد انسانیت اور امن کے دشمن ہیں، بزدلانہ دہشتگرد کارروائیاں دہشتگردی کے خلاف پاکستانی قوم کے عزم کو ہرگز کمزور نہیں کر سکتیں۔ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس اور پاکستان دشمن عناصر کی ملک کو غیر مستحکم کرنے کی سازشیں ناکام ہوں گی۔

وفاقی وزیر ریلوے نے انتظامیہ کو واقعہ کی فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔