پاکستان نےمشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے قابلِ تحسین کردار ادا کیا: صدر شی

  • سوموار 25 / مئ / 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی جس میں صدر شی نے مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے پاکستانی کردار کو سراہا ہے۔چینی میڈیا کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور چینی صدر شی جن پنگ کی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خطے کی صورتحال، سکیورٹی تعاون اور باہمی شراکت داری کے مختلف پہلوؤں پر بھی بات ہوئی۔

صدر شی جن پنگ نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں قیام امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہیں، چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو ترجیح دیتا ہے۔شی جن پنگ نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو پرانا دوست قرار دیا اور کہا کہ چین اور پاکستان نے ایک ناقابلِ شکست روایتی دوستی قائم کی ہے۔ اعلیٰ سطح پر سکیورٹی تعاون کو مزید بڑھانا چاہئے۔

صدر شی نے کہا کہ چین اور پاکستان کو یکطرفہ پالیسیوں اور سرد جنگ کی حامی ذہنیت کی مشترکہ مخالفت کرنی چاہئے۔انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز سے مصافحہ کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو چین آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ معلوم ہے کہ فیلڈ مارشل ایران سے واپس آئے ہیں۔ چین اور پاکستان نے ایک دوسرے کو سمجھا اور اعتماد کیا، دوستی نسل در نسل آگے بڑھ رہی ہے۔

صدر شی جن پنگ نے کہا کہ سٹریٹجک باہمی اعتماد اور عملی تعاون نے دو طرفہ ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔  بدلتے عالمی حالات کے باوجود پاکستان کے ساتھ تعلقات ہماری ترجیح ہیں۔

اس موقع پروزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چین کے دورے پر بہت خوشی ہوئی، سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر دونوں ملکوں کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، دونوں ملکوں کی لازوال دوستی کا سہرا ہمارے بانی رہنماؤں کو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 7 دہائیوں سے زائد عرصے میں دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی کیلئے انتھک محنت ہوئی، دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط تر بنائیں گے۔ پاکستان اور چین آہنی بھائی اور منفرد تعلق میں بندھے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا غیر متزلزل عزم پاکستان اور چین کے تعلقات کومزید تقویت دے گا۔ گزشتہ برس میں نے چین میں ہوانے والی فوج پریڈ میں خصوصی دعوت پر شرکت کی، جسے پوری دنیا نے دیکھا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین کی عالمی معاشی اور عسکری طاقت ہے۔ عالمی سطح پر ترقی اور امن کیلئے چین کا اہم کردار ہے، ہانگژو کی ترقی صدر شی جن پنگ کے وژن اور متحرک قیادت کی مظہر ہے۔ بیلٹ اینڈ روڈ اینشی ایٹو اور سی پیک خوشحالی ، ترقی اور دوستی کے منصوبے ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چینی وزیراعظم لی چیانگ  کی مالقات بھی ہوئی۔ دونوں ممالک کے بنیادی قومی مفادات کے متعلق تمام امور پر ایک دوسرے کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بیجنگ میں عوامی جمہوریہ چین کے وزیراعظم لی چیانگ سے ملاقات کی، یہ ملاقات پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے پس منظر میں منعقد ہوئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم لی چیانگ کی جانب سے پرتپاک استقبال پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان چین دیرینہ اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان آہنی دوستی باہمی اعتماد، اسٹریٹجک تعاون، امن، ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ عزم پر مبنی ہے۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان چین تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور سیاسی، اقتصادی، سٹریٹجک، سیکیورٹی اور عوامی روابط کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی مسلسل ترقی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے سی پیک اور اس کے اگلے مرحلے کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، جس میں صنعتکاری، دوطرفہ روابط، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل تبدیلی، صاف توانائی اور سماجی و اقتصادی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز ہوگی۔