اے ایمان والو! وحدت کو نقصان پہنچانے سے گریز کرو: خطبہ حج

  • منگل 26 / مئ / 2026

مسجد نبویؐ کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر علی الحذیفی نے خطبہ حج کی سعادت حاصل کرتے ہوئے کہا ہے کہ تقویٰ اختیار کرنا ایمان والوں کی شان ہے۔ اے ایمان والو! اللہ سے ڈرو اور تقویٰ اختیار کرو، اپنے عہد کی پاسداری کرو۔

ڈاکٹر شیخ علی الحذیفی نے خطبہ حج دیا کہ کسی کو اللہ تعالیٰ کا شریک نہ ٹھہرایا جائے، رب کے سوا کسی غیر کی عبادت مت کرنا، توحید پر عملدرآمد اہل ایمان کا خاصا ہے، ایمان والوں کے سامنے اللہ کی آیات پیش کی جائیں تو ان کے دل نرم پڑ جاتے ہیں۔

خطبہ میں کہا گیا کہ نبی اکرم ﷺ اللہ کے آخری رسول ہیں، نبی اکرم ﷺ خاتم النبین ہیں، مسلمانوں کو ہر مصیبت میں صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہئے، صبر کرنے والوں کیلئے اللہ تعالیٰ نے اجر عظیم کا وعدہ کیا ہے، اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر ادا کرتے ہوئے ان سے فائدہ اٹھائیں، جن قوموں نے ظلم کیا اور ناشکری کی ان سے نعمتیں چھین لی گئیں۔

 انہوں نے کہا کہ اللہ اور بندے کا تعلق نجات کا ذریعہ ہے، اے ایمان والو، اپنے رب کے ساتھ جڑے رہو، حج کے دوران کسی قسم کے لڑائی جھگڑے سے اجتناب کرنا چاہئے، کسی بھی ایسے عمل سے گریز کریں جس سے وحدت کو نقصان پہنچے۔ڈاکٹر شیخ علی الحذیفی نے کہا کہ ہمیشہ سچ بولیں اور غلط بیانی سے گریز کریں، بدعت اور غیبت سے دور رہو، حجاج عرفات سے فارغ ہونے کے بعد منیٰ تشریف لے جائیں گے، حجاج کرام مناسک بہترین انداز میں ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ حجاج کرام ہر لمحہ مغفرت کی دعا کرتے رہیں، اللہ تعالیٰ کے ذکر اور عبادات میں مصروف رہیں، نماز قائم کریں، اللہ تعالیٰ ہی دعائیں قبول کرنے والا ہے۔خطیب مسجد نبویؐ نے دعا کی کہ اے اللہ ہمارے گناہ معاف فرما، یااللہ مسلمانوں کے حالات کو بہتر کر دے، اللہ تعالیٰ ہمارے اعمال قبول فرمائے، اے اللہ مسلمانوں کو ہدایت عطا فرما۔