بھارتی سرپرستی میں ہونےوالی دہشتگردی ناقابلِ برداشت ہے: فیلڈ مارشل
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں ہونےوالی دہشت گردی ناقابلِ برداشت ہے۔دشمن کے ناپاک عزائم ہر قیمت پر ناکام بنائیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر بلوچستان کے ضلع ژوب گئے۔
فیلڈ مارشل نے مغربی سرحدوں پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور جوانوں کےساتھ عید منائی۔ انہوں نے جوانوں کے ہمراہ عید الاضحیٰ کی نماز ادا کی۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملک کی سلامتی، امن واستحکام اورخوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ فیلڈ مارشل نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، مادرِ وطن کے دفاع میں جانیں قربان کرنےوالے شہداکے درجات کی بلندی کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔
فیلڈ مارشل نے جوانوں کی جرأت، تیاری اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کوئٹہ میں حالیہ بزدلانہ دہشتگرد حملے کا تذکرہ کیا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ دہشتگردی کی بزدلانہ کارروائیاں قوم اور افواج کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ بلوچستان کےعوام کےساتھ مل کر دہشتگردوں کا آخری حد تک تعاقب جاری رہے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج وطنِ عزیز کو درپیش ہر خطرے سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار ہے۔ مادرِ وطن پر جان قربان کرنےوالے شہداکی قربانیاں قوم کا فخر ہیں۔