عالمی امن و استحکام کیلئے پاکستان کی خدمات جاری رہیں گی: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز کے توسط سے عالمی امن کو مزید موثر کرنے میں اپنا بھرپور تعاون جاری رکھنے کےعزم کا اعادہ کرتا ہے۔ یہ بات انہوں نے اقوامِ متحدہ امن دستوں کے عالمی دن 29 مئی 2026 پر اپنے پیغام میں کہی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج پاکستان اقوام عالم کے ساتھ مل کر اقوامِ متحدہ امن دستوں کے عالمی دن پر امن کے سپاہیوں کو بھر پور انداز میں خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ عالمی سطح پر ہر سال یہ دن دنیا کے جنگ زدہ علاقوں میں اقوام متحدہ کے پرچم تلے عسکری، پولیس اور سویلین دستوں کی خدمات اور قربانیوں کے اعتراف میں منایا جاتا ہے۔اس سال یہ دن’امن کے فروغ میں سرمایہ کاری‘ کے عنوان سے منایا جا رہا ہے۔ یہ موضوع پائیدار عالمی امن اور انسانی جانوں کے تخفظ کے فروغ میں پرعزم سیاسی حمایت اور مالی معاونت کی کلیدی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن اقوامِ متحدہ کے پہلے امن مشن کے قیام کی یاد کو بھی تازہ کرتا ہے، جس نے 1948 میں فلسطین میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں۔امن دستوں کی تاریخ میں 20 لاکھ سے زیادہ مرد و خواتین 70 سے زائد امن مشنز میں خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔
پاکستان اقوام متحدہ کے امن دستوں کیلئے سب سے دیرینہ اور بڑے شراکت دار ممالک میں شامل ہے۔ عالمی امن کے قیام اور تخفظ میں ان ممالک کا امن دستوں کے توسط سے نہایت موثر کردار ہے، یہ کردار بلاشبہ اجتماعی طور پر امن کی ترجیح کا آئینہ دار ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان 1960 سے لے کراب تک 235000 اہلکاروں کے ساتھ 48 سے زائد امن دستوں میں اپنی خدمات پیش کر چکا ہے، جن میں 500 سے زائد خواتین اہلکار بھی شامل ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز کے توسط سے عالمی امن کو مزید موثر کرنے میں اپنا بھرپور تعاون جاری رکھنے کےعزم کا اعادہ کرتا ہے۔ پاکستان کا یہ تعاون عالمی امن و استحکام اور کثیر الجہتی سفارت کاری پر ہمارے غیر متزلزل عزم کا عکاس ہے۔