ٹرمپ نے ایران سے معاہدے کا مسودہ اتحادی ملکوں کو بھیج دیا: برطانوی اخبار
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے معاہدے کا مسودہ اسرائیل سمیت اتحادی ملکوں کو بھیج دیا۔برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق معاہدے میں آبنائے ہرمز اور امریکی ناکہ بندی کھولنے کی شقیں شامل ہیں۔
مفاہمت کی یادداشت کے نتیجے میں ایران کو اس کے 12 ارب ڈالر کے منجمد اثاثوں تک رسائی دی جائے گی۔رپورٹ کے مطابق آبنائے ہرمز کو 30 روز میں جنگ سے پہلے کی سطح پر بحال کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ چین چاہتا ہے کہ معاہدے کی حتمی توثیق اقوام متحدہ کرے۔
دریں اثنا امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ واشنگٹن اور تہران معاہدے کے بہت قریب آ چکے ہیں تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ ابھی کسی معاہدے پر دستخط کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان معاہدے کے حوالے سے کافی پیشرفت ہوئی ہے، فریقین کے درمیان چند الفاظ اور شرائط کے حوالے سے تبادلہ خیال جاری ہے۔
انہوں نے کہا ہم چند نکات پر ایک دوسرے سے بات چیت کر رہے ہیں، امید ہے کہ بات چیت کا سلسلہ جاری رہے گا اور ایسا وقت آئے گا جب صدر ٹرمپ معاہدے کی توثیق کر سکیں گے۔ تاہم یہ معاملہ ابھی حتمی مرحلے تک نہیں پہنچا اور اس کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔