مری ہائی وے پر حادثہ میں ایک ہی خاندان کے دس افراد جاں بحق

  • بدھ 10 / جون / 2026

سیاحتی مقام مری میں ایکسپریس وے پر ایک ٹریفک حادثے میں 10 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہو گئے ہیں۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے ترجمان کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ملتان سے مری جانے والی ایک ہائی ایس وین موڑ کاٹتے ہوئے سڑک سے نیچے نالے میں جا گری۔

ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے ترجمان کے مطابق نالے میں گرتے ہی وین میں آگ بھڑک اٹھی۔ جبکہ گاڑی اس انداز میں الٹی کہ دروازے کھولنا ممکن نہ رہا، جس کے باعث جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔

موٹروے پولیس نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والی وین میں بچوں کی تعداد زیادہ تھی اور کم از کم 10 بچے سوار تھے۔ تمام لاشوں اور زخمیوں اور کو اسلام آباد میں پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں جبکہ جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

بی بی سی کو متاثرہ خاندان کے ایک فرد نے بتایا کہ یہ لوگ ملتان سے گزشتہ رات دس بجے نکلے تھے اور اور آج ایکسپریس وے پر حادثے کا شکار ہوئے ہیں۔ موقع پر موجود ایک عینی شاہد کا کہنا تھا کہ یہ گاڑی تیز رفتاری سے چل رہی تھی کہ اچانک سمجھ میں نہیں آیا کہ کس طرح قریب نالے میں جاگری تھی۔

گاڑی نالے میں گری تو دیکھا کہ لوگ دروازہ کھولنا چاہ رہے تھے مگر دروازہ پھنس چکا تھا۔ اس موقع پر کچھ لوگ مدد کے لیے قریب پہنچے تو ایک دم ہی وین میں آگ بھڑک اٹھی۔