پاک فوج کا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، تمام مسافر جاں بحق

  • بدھ 10 / جون / 2026

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے تصدیق کی ہے کہ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر پرواز بھرنے کے عمل کے دوران گِر کر تباہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں اُس پر سوار تمام افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر پر سوار کوئی شخص زندہ نہیں بچا، تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ اس حادثے میں کتنے افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ بیان کے مطابق آرمی ایوی ایشن کا ’ایم آئی 17‘ ہیلی کاپٹر ’تکنیکی خرابی‘ کے سبب اڑان بھرتے ہوئے کریش ہوا۔ پ

اکستانی فوج کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں کریش کے بعد حادثے کے مقام پر پہنچ گئی تھیں اور اس کی تحقیقات کے لیے ایک بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مظفرآباد میں پیش آنے والے اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

پاکستانی فوج نے اس ہیلی کاپٹر میں سوار افراد کی تعداد نہیں بتائی، تاہم مظفر آباد میں ضلعی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ اس حادثے میں ہیلی کاپٹر کے دونوں پائلٹ جاں بحق ہو گئے ہیں۔ ہلاکتوں کی تعداد زیادہ بھی ہو سکتی ہے۔

اس سے قبل مظفر آباد انتظامیہ کے ایک اعلیٰ افسر نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ یہ ہیلی کاپٹر اُس وقت حادثے کا شکار ہوا جب یہ مظفر آباد میں واقع نیلم سٹیڈیم سے پرواز بھرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اہلکار کے مطابق اس کے بعد شہر میں ایک زور دار دھماکہ سُنا گیا۔

مظفر آباد کے ایک شہری نے بتایا کہ زوردار دھماکے کے بعد مظفر آباد شہر میں متاثرہ مقام سے دھویں کے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے گئے تھے اور امدادی اداروں کی گاڑیاں متاثرہ مقام کی جانب جا رہی تھیں۔