ایران امریکہ معاہدہ آئندہ چوبیس گھنٹے میں طے پا جائے گا: شہباز شریف
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان قیام امن کے معاہدے کو آئندہ 24 گھنٹوں کے اندر حتمی شکل دے دی جائے گی۔ ایکس پر ایک پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ ’امن معاہدہ پہلے سے کہیں زیادہ قریب ہے۔ حتمی مرحلہ اگلے 24 گھنٹوں میں متوقع ہے۔‘
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان معاہدے پر ’الیکٹرانک دستخط کی تیاری کر رہا ہے جس کے بعد اگلے ہفتے تکنیکی سطح پر بات چیت ہو گی۔‘ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن مذاکرات کے دوران مسلسل عزم پر امریکہ اور ایران کا شکر گزار ہے۔ شہباز شریف نے خطے کے دیگر ممالک کی حمایت کو بھی سراہا۔
پاکستانی وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ’ہمیں یقین ہے کہ یہ تاریخی معاہدہ پائیدار امن کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔‘
امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدہ جلد طے پائے جانے کی امید کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمتیں مارچ کے اوائل کے بعد سے اپنی کم ترین سطح (تقریباً چار ماہ کی کم ترین سطح) پر پہنچ گئی ہیں۔ برینٹ خام تیل کی قیمت 87.33 ڈالر فی بیرل تک ہو گئی ہے جو گزشتہ روز کے مقابلے میں 3.05 ڈالر (یا 3.4 فیصد) کم ہے۔
امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل بھی کم ہو کر 84.88 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگیا ہے جو گذشتہ روز کے مقابلے میں 2.83 ڈالر یا 3.2 فیصد کم ہے۔ یہ اپریل کے بعد ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی کم ترین قیمت ہے۔
سرمایہ کاری فرم ’اگین کیپیٹل‘ کے شراکت دار جان کیلڈف کے مطابق مارکیٹ میں کمی کی بڑی وجہ ایرانی حکام کے وہ بیانات ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت ہونے کے قریب ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ شدید سفارتی کوششوں کے نتیجے میں امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدے کا متفقہ اور حتمی متن طے پا چکا ہے اور اب عملدرآمد کے اگلے مراحل طے کیے جا رہے ہیں۔
بعد ازاں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے بارے میں ایک معاہدہ ہونے کے قریب ہے اور اس کے تحت آبنائے ہرمز بھی کھولی جائے گی۔