بنوں میں یکے بعد دیگرے دو دھماکے، 7 افراد جاں بحق
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے قریب ڈومیل کے علاقے میں مسافر گاڑیوں کے قریب وقفے وقفے سے دو دھماکوں میں سات افراد جاں بحق جبکہ چھ زخمی ہوئے ہیں۔
ضلعی پولیس افسر نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ یہ واقعہ ڈومیل کے علاقے میں تھانہ احمد زئی کی حدود میں پیش آیا۔ مقامی علاقے سے تعلق رکھنے والے امن کمیٹی کے رہنما نور دراز نے مقامی صحافیوں کو بتایا ہے کہ ’مقامی ڈرائیور اللہ نور کی گاڑی سواریوں کو لے کر روانہ ہوئی تھی اور جیسے مرکہ بیرہ کے پاس پہنچی وہاں دھماکہ ہوا ہے۔‘ اس گاڑی میں ڈرائیور کے خاندان کے لوگ بھی تھے اور چند دیگر افراد بھی سوار تھے جن پر دھماکہ خیز مواد سے حملہ کیا گیا۔‘
پولیس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’مسافر گاڑی پر دھماکے کے بعد زخمیوں کو لے جانے والی گاڑی پر بھی کچھ فاصلہ پر ریموٹ کنٹرول سے دھماکہ کیا گیا اس میں میں بھی جانی نقصان ہوا ہے۔‘
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بنوں دھماکوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد پاکستان کی عالمی سفارتی کامیابیوں اور امن کے فروغ کی کوششوں کو متاثر کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم پاکستان علاقائی و عالمی امن کی حمایت جاری رکھے گا اور دہشت گردوں کو شکست دی جائے گی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے اور واقعہ کی فوری تحقیقات کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی انسانیت، پاکستان کے امن اور استحکام کے خلاف گھناؤنی سازش ہے۔ ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو ہرگز متزلزل نہیں کر سکتیں، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دی جائے گی، ریاست دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔