نو مئی کیس: یاسمین راشد، محمود الرشید، عمر چیمہ اور اعجاز چودھری کو قید کی سزا، شاہ محمود بری
انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کو مغلپورہ میں پولیس گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں پی ٹی آئی رہنماؤں کو 10،10 سال قید کی سزاسنادی، جبکہ شاہ محمود قریشی کو بری کردیا گیا۔
لاہور کی انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں 9 مئی کو پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمے کا محفوظ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے تحریک انصاف کے رہنما محمود الرشید، عمر چیمہ اور اعجاز چودھری اور ڈاکٹر یاسمین راشد کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت نے کیس میں نامزد پی ٹی آئی کی سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کو بری کردیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت 22 ملزمان کے خلاف چالان جمع کروایا گیا تھا۔ مقدمے میں پراسکیوشن کے تمام 37 گواہوں کے بیانات پر جرح مکمل ہوئی۔ دوران ٹرائل دو ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا۔عدالت نے 15 ملزمان کے حوالے سے فیصلہ سنایا۔
یہ لاہور میں نو مئی کے آٹھویں مقدمے کا فیصلہ سنایا گیا ہے۔شاہ محمود قریشی اب تک چھ مقدمات میں بری ہو چکے ہیں، لاہور میں نو مئی کے کل 14 مقدمات درج ہیں۔