ایرانی صدر ایک روزہ دورہ پر اسلام آباد پہنچ گئے، پرتپاک استقبال

  • منگل 23 / جون / 2026

ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان ایک روزہ دورہ پر اسلام آباد پہنچ گئے جہاں ان کا ریاستی سطح پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ایرانی صدر کے طیارے نے اسلام آباد کے نور خان ائیربیس پر لینڈ کیا جہاں صدرآصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے  استقبال کیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطاتارڑ، چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو بھی موجود تھے۔

ایرانی صدر جس طیارے پر پاکستان آئے ہیں اس کا نام میناب ایران میں سکول پر حملے میں شہید بچوں کے نام پر رکھا گیا ہے۔ ایرانی صدر کا جنگ کے بعد کسی بھی ملک کا یہ پہلا دورہ ہے، ان کے ساتھ پارلیمانی سپیکر باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی آئے ہیں۔ایرانی صدر کو فضائیہ کے جے ایف 17 اور 21 توپوں کی سلامی  دی گئی۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہے جس میں وزرا اور دیگر سینئر حکام شامل ہیں۔ایران کے نیم سرکاری میڈیا ادارے تسنیم کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے روانگی سے قبل پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی کوششیں قابل ذکر تھیں۔

تسنیم کے مطابق ایرانی صدر نے کہا کہ اس دورے کا مقصد نہ صرف پاکستان کے تعاون کی تعریف کرنا ہے بلکہ امریکہ کے ساتھ معاہدے پر عملدرآمد کا جائزہ لینا بھی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ تمام شقوں پر بین الاقوامی قوانین اور ایران کے جائز حقوق کے مطابق عمل کیا جائے۔

پزشکیان نے مزید کہا کہ معاہدے پر عملدرآمد بہت سے علاقائی چیلنجز کو کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے اور ایک ایسے وقت میں زیادہ سے زیادہ استحکام پیدا کر سکتا ہے۔ایرانی صدر نے یہ بھی کہا کہ دورے کے دوران بات چیت میں توجہ تجارت، معیشت، ثقافت، سلامتی، دفاع اور وسیع تر علاقائی امن و استحکام میں تعاون کو وسعت دینے پر مرکوز ہو گی۔