ہم نے ایران کو ایک ہفتے کی مہلت دی: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ واشنگٹن نے تہران کو ایران کے سابق رہبرِ اعلیٰ علی خامنہ ای کی تدفین کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دی ہے کیونکہ ہم اچھے ہیں۔
یاد رہے کہ ایران کے سابق رہبرِ اعلیٰ ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں میں مارے گئے تھے۔
جمعے کی رات ماؤنٹ رشمور میں امریکہ کے قیام کی 250ویں سالگرہ کی تقریبات کے آغاز کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران امریکہ کے ساتھ معاملات طے کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے دنیا میں اپنے امریکی فوجی برتری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایک ہی دن میں وینزویلا کو شکست دی اور ایران کو بھی سخت نقصان پہنچایا۔ وہ معاہدہ کرنے کے لیے بے تاب ہیں، وہ بہت شدت سے اس معاملے کو سلجھانا کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے انہیں تدفین کے لیے ایک ہفتہ دیا ہے کیونکہ ہم اچھے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے ایک نامہ نگار کے مطابق ایران کے سابق رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کے تابوت کی آمد سے قبل ہی تہران کے بڑے مذہبی و ثقافتی مرکز 'گرینڈ مصلیٰ' میں ہزاروں افراد جمع ہو گئے تھے۔
اے ایف پی کے مطابق متعدد شرکا نے سرخ جھنڈے اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ بی بی سی فارسی کے مطابق سرخ رنگ کو عموماً انتقام کے مطالبے کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق وہاں موجود افراد نے ’امریکہ مردہ باد‘ اور ’انتقام، انتقام‘ جیسے نعرے بھی لگائے۔
ایران کے سرکاری ٹی وی نے اعلان کیا ہے کہ علی خامنہ ای کی چھ روزہ عوامی تقریبات کا آغاز سنیچر کی صبح سے ہو گیا ہے۔