آیت اللہ خامنہ ای کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

  • اتوار 05 / جولائی / 2026

ایران کے خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق تہران میں سابق رہبرِ اعلیٰ علی خامنہ ای اور ان کے اہلِ خانہ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ امریکہ اور اسرائیل نے رواں سال کے آغاز میں حملہ کر کے انہیں ہلاک کر دیا تھا۔

تہران کے بڑے مذہبی اور ثقافتی مرکز ’امام خمینی مصلیٰ‘ میں نماز جنازہ آیت اللہ جعفر سبحانی نے پڑھائی۔ ارنا کے مطابق نماز جنازہ تین مراحل میں ادا کی گئیں۔ پہلے مرحلے میں سابق رہبرِ اعلیٰ علی خامنہ ای، دوسرے مرحلے میں ان کی بیٹی بشریٰ خامنہ ای، داماد مصباح الہدیٰ باقری اور بہو زہرا حداد عادل کی نماز جنازہ اد کی گئی۔ تیسرے مرحلے میں علی خامنہ ای کی کم سن نواسی زہرا محمدی کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔

بی بی سی فارسی کے مطابق نمازِ جنازہ کے بعد تقریب کے منتظمین نے علی خامنہ ای کے خون کا بدلہ لینے اور انتقام کے نعرے لگوائے۔ ایران کے سابق رہبرِ اعلیٰ علی خامنہ ای کے تین بیٹے میثم، مسعود اور مصطفیٰ خامنہ ای تہران کی مسجد میں اپنے والد کی نمازِ جنازہ میں پہلی صف میں موجود تھے۔

تاہم بی بی سی فارسی کے مطابق ان کے چوتھے بھائی یعنی ایران کے موجودہ رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای نمازِ جنازہ میں موجود نہیں تھے۔