وفاقی آئینی عدالت نے پیر سوہاوہ مونال ریسٹورنٹ گرانے کا فیصلہ کالعدم کردیا

  • سوموار 13 / جولائی / 2026

وفاقی آئینی عدالت نے پیر سوہاوہ مونال ریسٹورنٹ گرانے کا سپریم کورٹ کا فیصلہ کالعدم کردیا۔وفاقی آئینی عدالت نے سی ڈی اے اور میٹرو پولیٹن سٹی کی اپیلیں منظور کرلیں۔

 عدالت نے حکم امتناعی بھی ختم کردیا۔ٹرائل کورٹس کو جلد از جلد مقدمات کے فیصلوں کی ہدایت کر دی ہے۔وفاقی آئینی عدالت نے قرار دیا کہ ملکیت کا فیصلہ ٹرائل کورٹس عدالتی آبزرویشنز سے متاثر ہوئے بغیر کریں گی، انتظامی معاملات کا فیصلہ ریگولیٹری باڈیز کریں گی۔

جسٹس حسن رضوی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں بہت سے نکات کو مد نظر نہیں رکھا گیا۔ کیس دائر کرنے یا نظر ثانی دائر کرنے پر بھی عدالت نے غصہ کیا۔فیصلہ میں وہ کچھ لکھا گیا جس کا فسانہ میں ذکر نہ تھا، ہم نے جذباتی فیصلہ نہیں کرنا ہے۔

وکیل احسن بھون نے کہا کہ عدالت نے کیس کو بہت اچھا پڑھا ہے، جس پر جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ عدالت میں ہماری تعریفیں نہ کریں۔ جو سماعت ہوئی وہی حکم دیں گے، الف لیلی کی کہانی فیصلہ میں نہیں لکھیں گے ۔جسٹس حسن رضوی نے قرار دیا کہ فیصلہ پڑھا تو اندازہ ہوا بہت کچھ عدالتی کارروائی سے باہر کا لکھا گیا۔