وزیراعظم کا سعودی ولی عہد سے رابطہ، بحیرۂ احمر میں حوثی حملوں کی مذمت

  • جمعرات 23 / جولائی / 2026

وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں آئل ٹینکروں پر حوثی حملوں کی مذمت کی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بحیرۂ احمر میں سعودی تیل بردار جہازوں پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ایسے اقدامات ناقابلِ قبول ہیں۔ یہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔ بحری آمد و رفت کی آزادی کو خطرے میں ڈالتے ہیں اور علاقائی امن و سلامتی کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں اور اس بات کا اظہار کرتے ہیں کہ میں وزیراعظم، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پوری پاکستانی قوم کے ہمراہ، اس نازک وقت میں سعودی قیادت اور مملکت کے برادر عوام کے ساتھ مضبوطی اور عزم کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس بات پر اتفاق کیا کہ علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے قیام کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے ۔وزیراعظم اور سعودی ولی عہد نے بحیرۂ احمر، آبنائے ہرمز سمیت خطے میں قانونی بحری تجارت کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنانے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔