لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کی فور سٹار جنرل کے عہدے پر ترقی، کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ مقرر
پاکستان فوج کے لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو کمانڈر نیشنل سٹریٹیجک کمانڈ مقرر کر دیا گیا ہے۔
وزیرِ اعظم کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان آرمی کے چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو فور سٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دیتے ہوئے انہیں کمانڈر نیشنل سٹریٹیجک کمانڈ مقرر کر دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم نے جنرل عامر رضا کو ترقی اور نئی تقرری پر مبارک باد دیتے ہوئے اس اہم ذمہ داری کی انجام دہی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ گذشتہ برس 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد آرمی ایکٹ کے تحت چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم کر کے اس کے بجائے کمانڈر آف نیشنل سٹریٹجک کمانڈ کا عہدہ متعارف کروایا گیا۔ آرمی ایکٹ میں ترمیم کے مطابق اس عہدے پر چیف آف ڈیفینس فورسز کی سفارش پر وزیر اعظم پاکستانی بری فوج کے ایک جنرل کو تین سال کے لیے تعینات کریں گے۔
ترمیم کے تحت قومی مفاد میں وزیر اعظم کمانڈر آف نیشنل سٹریٹجک کمانڈ کی مدت ملازمت آرمی چیف کی سفارش پر مزید تین سال کے لیے بڑھا بھی سکتے ہیں اور اس فیصلے کو عدالت میں چیلنج نہیں کی جا سکے گا۔
اس کے علاوہ اس عہدے پر تعینات فوجی جنرل پر آرمی ایکٹ کے تحت ریٹائرمنٹ کی عمر اور دیگر ضوابط لاگو نہیں ہوں گے۔