میرپور انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی واضح کامیابی
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں مسلم لیگ (ن) نے 9 جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 4 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے آزاد کشمیر انتخابات میں کامیاب ہونے والے تمام امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ منتخب نمائندے عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔الیکشن کے دوران میڈیا نمائندے مسلسل پولنگ اور ووٹر ٹرن آؤٹ کی رپورٹنگ کرتے رہے، جبکہ ووٹروں کو حقِ رائے دہی استعمال کرنے کا زیادہ موقع دینے کے لیے پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میرپور ڈویژن میں الیکشن کمیشن، انتظامیہ، پولیس، آئی جی، ڈی آئی جی، ڈپٹی کمشنرز اور دیگر اداروں نے شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد میں مؤثر کردار ادا کیا، جس کے باعث مجموعی طور پر انتخابی عمل منظم، کامیاب اور پرامن رہا۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ انتخابی روز پیش آنے والا افسوسناک واقعہ 2 گروپوں کے پرانے خاندانی تنازع کا نتیجہ تھا، کیونکہ ایک ہی خاندان کے افراد مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 10 روز قبل بھی اسی تنازع میں مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما ملک عاشق جاں بحق ہوئے تھے، جبکہ انتخابی روز دوبارہ فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک سے 2 افراد زخمی ہوئے۔ ان کے مطابق اس واقعے کے علاوہ پورے میرپور ڈویژن میں پولنگ پرامن رہی اور کسی دوسرے مقام پر کوئی بڑا امن و امان کا مسئلہ پیش نہیں آیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے کہا کہ آزاد کشمیر کے پہلے مرحلے کے انتخابات کا پرامن انعقاد خوش آئند ہے اور کشمیری عوام نے بھرپور انداز میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کارکنوں کی محنت اور عوام کے اعتماد کا نتیجہ ہے۔ ایک سال سے جاری تنظیم سازی، اختلافات کے خاتمے اور مضبوط ٹیم ورک کے باعث جماعت کو کامیابی ملی۔
دریں اثنا الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ میرپور میں تشدد کے بعض واقعات کے علاوہ مجموعی طور پر پولنگ کا عمل پرامن رہا۔ اتوار اور پیر کی درمیانی شب نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفی مغل نے بتایا تھا ہر حلقے کا الگ الگ ٹرن آؤٹ رہا ہے تاہم میرپور ون میں ووٹرز ٹرن آؤٹ 27 فیصد رہا۔
پاکستان کے سرکاری ٹی وی پی ٹی وی کے مطابق اب تک کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج میں مسلم لیگ ن کو برتری حاصل ہے۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفی مغل کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے حالات کی وجہ سے یہ تاریخ کے سب سے سخت الیکشن تھے۔ اُنہوں نے دعویٰ کیا کہ اِکا دُکا واقعات کے علاوہ مجموعی طور پر پولنگ پرامن رہی۔ ضلع کوٹلی کی چھ، ضلع بھمبر میں تین اور ضلع میرپور کی چار نشستوں کے مختلف پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ ووٹروں کی تعداد ماضی کے مقابلے کم تھی۔ انتخابات کے دوران سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے 18 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ فوج کے اہلکار بھی علاقے میں موجود تھے۔
یاد رہے کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی نے ان انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔ پاکستان تحریکِ انصاف نے بھی گزشتہ ماہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔